’تبادلہ ابھی نہیں ہوا، اتنی آسانی سے نہیں جاؤں گا‘

آئی جی سندھ کلیم امام کا اپنے خلاف سازش کا انکشاف

فوٹو: فائل


کراچی: انسپکٹر جنرل(آئی جی) سندھ ڈاکٹرکلیم امام نے انکشاف کیا ہے کہ ان کو ہٹانے کیلئے سازش کی گئی ہے۔

کراچی سنٹرل پولیس آفس میں یادگار شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں اتنی آسانی سے نہیں جاوں گا اگر میں گیا بھی تو ہاتھی سوا لاکھ کا ہی رہتا ہے فکر نہ  کریں۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ ہم نے جتنا کام بھی کیا یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، مجھ سے پہلے بھی بہت اچھے آئی جی رہے ہیں اور ہمارے تمام افسران میں بہت قابلیت ہے۔

کلیم امام نے کہا اپنی سروس میں ایسے دن بھی آئے جب کلمے پڑھ لیے تھے کہ آج آخری دن ہے، قانون نافذ کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو اس میں رکاوٹیں آتی ہیں لیکن ہم اپنے شہدا کو یاد رکھتے ہوئے قانون کا عملدرآمد کرانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ذمہ داری آپ پر آتی ہے کہ چیزیں آپ نے ٹھیک کرنی ہیں مشکلات آئیں گی لیکن گھبرانا نہیں۔

شہدا کی تقریب میں تمام اعلیٰ پولیس افسران، سفارت کار اور شہدا کے اہلخانہ نے شرکت کی۔ یادگار شہدا کے افتتاح کے بعد پولیس بینڈ نے شہدا کو سلامی پیش کی۔ سندھ پولیس کے ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔


متعلقہ خبریں