آئی جی سندھ کے تبادلے کی الجھن: وزیراعلیٰ سلجھن ڈھونڈنے زرداری کے پاس پہنچ گئے

آئی جی سندھ کے تبادلے کی الجھن: وزیراعلیٰ سلجھن ڈھونڈنے زرداری کے پاس پہنچ گئے

کراچی: آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام کے تبادلے کے حوالے سے پیدا شدہ الجھن کی سلجھن ڈھونڈنے اور مشاورت کرنے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سابق صدر پاکستان اور پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے پاس نجی اسپتال پہنچ گئے ہیں۔

وزیراعظم کی یقین دہانی پر بھی آئی جی کا تبادلہ نہیں ہوا،حکومت سندھ میں تشویش

ہم نیوز کو انتہائی ذمہ دارذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ سندھ کی ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی جس میں انہیں وفاقی کابینہ کے فیصلے کی بابت بتایا گیا۔ وفاقی حکومت نے چند روز قبل آئی جی سندھ کی تبدیلی کو وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط کردیا تھا۔

وفاقی کابینہ کے فیصلے کے متعلق وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا تھا کہ آئی جی سندھ کا تقرر اتحادیوں کے اعتراض پر مؤخر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی ملاقات میں آئی جی سندھ کے لیے کچھ ناموں پر بات ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ جن ناموں پر بات ہوئی تھی وہ نام جب کابینہ کے سامنےآئے تو سندھ اور کراچی کے اتحادیوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق نئے آئی جی کی تقرری کے لیے گورنر اور وزیراعلیٰ کے درمیان ازسر نو مشاورت کرنے کا کہا گیا ہے۔

آئی جی سندھ کے معاملے پر وفاق اور صوبائی حکومت میں کشمکش جاری

ماہ رواں کی 15 تاریخ کو سندھ کابینہ نے آئی جی سندھ پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام کو عہدے سے ہٹا کر ان کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دی تھی۔ اس پر پی ٹی آئی سندھ کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا بلکہ عدالت تک میں جانے کا عندیہ دیا گیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے ہونے والی ٹیلی فونک بات چیت میں وزیراعظم سے کہا کہ حکومت سندھ نے نئے آئی جی کی تقرری کے لیے پانچ نام بھیجے ہیں ان میں سے کسی کو بھی آئی جی لگادیں۔

ذرائع نے اس ضمن میں ہم نیوز کو بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے واضح مؤقف اپنایا ہے کہ وہ مزید نئے افسر کا نام وفاق کو نہیں بھیجیں گے۔ حکومت سندھ نے وفاق کو آئی جی سندھ کے منصب کے لیےغلام قادر تھیبو، مشتاق مہر، کامران فضل، انعام غنی اور ڈاکٹر ثنااللّٰہ عباسی کے نام بھیجے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کے لیے نجی اسپتال پہنچے ہیں جہاں وہ وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات اور ٹیلی فونک بات چیت کے متعلق تبادلہ خیال کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وہ پارٹی کے شریک چیئرمین کو آئی جی سندھ کے تبادلے کے حوالے سے پیدا ہونے والی الجھن سے بھی آگاہ کریں گے اور صوبے کے درپیش مسائل پر بھی ان سے رہنمائی حاصل کریں گے۔

’تبادلہ ابھی نہیں ہوا، اتنی آسانی سے نہیں جاؤں گا‘

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام وزیراعظم سے ملاقات کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان کی بدھ کی دوپہر ملاقات ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والی مختصر بات چیت میں ملاقات کا وقت مانگا تھا تو انہیں اسلام آباد میں ملنے کی ہدایت کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں