ملتان: پولیس نے دس اور 12 سالہ دلہنوں کی شادیاں ناکام بنادیں

ملتان: پولیس نے دس اور12 سالہ دلہنوں کی شادیاں ناکام بنادیں

ملتان: پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑی عمر کے مردوں سے کی جانے والی دو کمسن بچیوں کی شادیاں ناکام بنا دیں۔ پولیس نے بارات میں شامل ایک دولھا کو موقع سے گرفتار کرلیا جب کہ دوسرا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

کم عمری کی شادی کے خلاف پشاور کے طلبا کا منفرد ردعمل

ہم نیوز کے مطابق ملتان کی بستی خداداد میں گزشتہ روز فیصل کا فائزہ سے اور احسن کا طیبہ سے نکاح پڑھایا گیا تھا۔ طے شدہ پروگرام کے مطابق آج دونوں دلہنوں کی رخصتی ہونا تھی۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق فیصل کی عمر 45 سال اور فائزہ کی عمر صرف دس سال ہے۔ اسی طرح احسن کی عمر 37 سال اور طیبہ کی عمر 12 سال ہے۔

پولیس کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق جب اس بے جوڑ اور غیر قانونی شادی کی بابت علم ہوا تو علاقہ پولیس نے شادی کی تقریب پہ چھاپہ مارا اور موقع سے دلہنوں کو برآمد کرلیا۔

دولھا احسن کو پولیس نے موقع پر گرفتار کیا جب کہ فیصل جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

قائمہ کمیٹی نے کم عمری کی شادی کے تعین کا بل منظور کر لیا

ہم نیوز کو علاقہ مکینوں نے بتایا ہے کہ دولھے اور دلہنیں آپس میں ماموں زاد ہیں۔ ملکی قوانین کے مطابق 18 سال سے کم عمر لڑکے یا لڑکی کی شادی نہیں کی جا سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں