کورونا وائرس: چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے درخواست دائر

عمران خان کے الفاظ اور لہجہ مناسب نہیں تھا، توہین عدالت کیس کا فیصلہ جاری

فوٹو: فائل


کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد چین میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

درخواست وکیل جہانگیر جدون کی جانب سے دائر کی گئی جس میں سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری صحت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چین میں پھنسے پاکستانی کتنے ہیں اور حکومت نے اب تک کیا اقدامات اٹھائے؟

مزید پڑھیں: چین میں کورونا وائرس سے 106 افراد ہلاک

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ 20 ہزار چینی اسلام آباد میں رہ رہے ہیں، ان کی اسکریننگ کے کیا انتظامات کئے گئے ہیں اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت کیا اقدامات اٹھا رہی ہے؟

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حکومت کو چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کرے۔

کورونا وائرس کیا ہے؟

اسے سارس وائرس کا کزن بھی کہا جاتا ہے کیونکہ ان دونوں میں کئی خصوصیات مشترک ہیں۔ چینی سائنسدان لیو پون کا خیال ہے کہ اس کا آغاز بھی جانوروں سے ہوا اور بعد میں یہ انسانوں میں منتقل ہو گیا۔

کورونا وائرس دراصل ایک بڑا گروپ ہے جو عموماً جانوروں میں پایا جاتا ہے، ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ یہ جانوروں سے انسانوں کو منتقل ہو جائے۔

کورونا وائرس کی علامات

اس سے متاثرہ افراد میں آغاز میں زکام جیسی علامات ظاہر ہوتی ہے، ناک کا بہنا، کھانسی، گلے کی تکلیف، عموماً سردرد اور بعض اوقات بخار شروع ہو جاتا ہے۔

ایسے افراد (بڑی عمر کے یا بہت چھوٹی عمر کے بچے) جن کے جسم کا مدافعاتی نظام کمزور ہوتا ہے ان کے لیے نمونیا یا برونکائیٹس میں مبتلا ہونے کا امکان ہوتا ہے۔

وائرس کی وبا کی حالیہ تاریخ

مڈل ایسٹ ریسپی ریٹری سنڈروم (مرس) 2012 میں مشرق وسطیٰ میں شروع ہوا۔ غالب امکان ہے کہ یہ اونٹوں سے انسانوں میں منتقل ہوا۔ اس سے متاثر ہونے والے ہر 10 افراد میں سے تین سے چار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

سیویر اکیوٹ ریسپی ریٹری سنڈروم (سارس) کا آغاز چین کے صوبے گینگ ڈون سے ہوا۔ ہلاکتوں کی شرح عمر کے مطابق صفر سے پچاس فیصد تھی۔ سائنسدانوں کا خیال ہے کہ یہ خاص قسم کی بلیوں سے انسانوں میں پھیلا۔

کورونا وائرس کیسے پھیلتا ہے؟

ایک فرد سے دوسرے فرد میں وائرس کی منتقلی کے کئی راستے ہیں جن میں کھانسی، چھینک، ہاتھ ملانا شامل ہیں۔ اگر متاثرہ شخص نے کس چیز کو چھوا ہو اور اسے دوسرا فرد چھو کر اپنے منہ، ناک یا آنکھوں کو لگائے تو اس صورت میں بھی وائرس کے پھیلنے کا امکان ہوتا ہے۔

کورونا وائرس کا علاج

اس کا کوئی خاص علاج نہیں ہے۔ بہت بار علامات خود بخود ختم ہو جاتی ہیں۔ درد یا بخار پر قابو پانے کے لیے ڈاکٹر ادویات دے سکتے ہیں۔ گرم پانی سے نہانا بھی دکھتے ہوئے گلے یا کھانسی کو دور کر سکتا ہے۔

اس سے متاثرہ افراد کو زیادہ سے زیادہ پانی اور جوسز پینے چاہئیں، آرام کرنا لازم ہے اور بھرپور نیند ضروری ہے۔

کورونا وائرس سے بچاؤ

اس وائرس کی کوئی ویکسین موجود نہیں ہے۔ متاثرہ افراد سے دور رہنا چاہیئے۔ اپنی آنکھوں، ناک اور منہ کو چھونے سے پرہیز کرنا چاہیئے۔ اپنے ہاتھوں کو صابن سے کم از کم بیس سیکنڈ پر دھوئیں۔

 

 


متعلقہ خبریں