بگ بیش لیگ، حارث رؤف ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل


سڈنی: لاہور قلندرز کی دریافت مایہ ناز تیز گیند باز حارث روف کو آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کی معروف کرکٹ ویب سائٹ نے 56 میچوں کے بعد بگ بیش ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیلنے والی  پانچ ٹیموں میں سے ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا انتخاب کیا  ہے۔

بگ بیش لیگ کے قوائد و ضوابط کے مطابق ٹیم میں دو غیر ملکی کھلاڑیوں کو منتخب کرنا ضروری ہے۔

ٹیم میں ملیبرن اسٹارکے مارکس اسٹونیس شامل ہیں جنہوں نے 14 میچوں میں 134 کی اسٹرائک ریٹ اور60 کی اوسط سے 607 رنز بنائے ہیں۔

ہوبارٹ ہریکین کے میتھیو ویڈ کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے، انہوں نے 8 میچوں میں  173 کی اسٹرائک ریٹ اور 56 کی اوسط سے 337 رنز جوڑے ہیں۔

پرتھ اسکاچرزکے  جوش انگلیش نے 14 میچوں کے 405 رنز بنائے ان کا کسی بھی میچ میں زیادہ سے زیادہ اسکور 73 رنز رہا جبکہ ان کی اوسط 28 رنز رہی۔

جارح مزاج بلے باز گلین میکس ویل کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جنہوں نے 14 میچوں میں 46 کی اوسط اور 156 کے اسٹرائک ریٹ سے 373 رنز بنائے ہیں۔

ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے جوناتھن ویلز نے 444 رنز بنائے ہیں جن میں 4 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔

پرتھ اسکاچرزکے مچل مارش نے 14 میچ کھیل کر 382 رنز بنائے ہیں اور 9 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں، ان کے رنز بنانے کی اوسط 34 ہے۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنے فن کا لوہا منوانے والے افغانستان کے راشد خان نے بھی اس سیزن میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے اور وہ اس ٹیم میں شامل ہیں۔

ڈینیل سیمز نے سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے 14 میچز کھیلے اور 25 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

پیٹرسیڈل نے ایڈیلیڈ اسٹائکرز کی جانب سے بہترین گیند بازی کی اور انہوں نے 13 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

نیتھن ایلز نے بگ بیش کی رواں سیزن میں اپنی بہترین گیند بازی سے شائقین کو اپنا مداح بنا لیا ہے، انہوں نے 14 میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

لاہورقلندرز کی دریافت اور بگ بیش میں پہلی مرتبہ کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑی حارث رؤف نے آسٹریلیا سمیت دنیا بھر کو حیران کر دیا ہے۔

انہوں نے محض 7 میچوں میں 11 کی اوسط سے  16 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا  ہے جس میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔

 

 

 


متعلقہ خبریں