پاکستان بھارت کو ہر طرح کا جواب دینے کو تیار ہے، اشرف جہانگیر قاضی


کراچی: سابق سفیر اشرف جہانگیر قاضی نے کہا ہے کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن وہ بھارت کو ہر طرح کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ایجنڈا پاکستان میں میزبان عامر ضیا سے بات کرتے ہوئے تجزیہ کار جنرل ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مودی اپنے یکے بعد دیگرے اقدام کی وجہ سے مشکل کا شکار ہیں۔ کشمیری بھارتی فوج کے سامنے ایک چٹان بن کر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کو زیر کرنا بھارت کے بس کی بات نہیں ہے بھارت کی فوج کی اس وقت صورتحال بہت خراب ہے۔ بھارت پاکستان کو راہگزر کے طور پر دیکھتا ہے لیکن وہ اسے راہگزر بنا نہیں سکتا تاہم پاکستان میں بھی قومی یکجہتی نظر نہیں آتی۔

جنرل (ر) غلام مصطفیٰ نے کہا کہ پاکستان اپنے خوف کے دائرے سے باہر نکلنے کو تیار نہیں ہے اور اپنی معیشت کو بہتر کرنے کے بعد کچھ اور کرنے کی طرف توجہ دینے کی بات کی جا رہی ہے۔

سابق سفیر اشرف جہانگیر قاضی نے کہا کہ بھارت یہ سمجھتا ہے کہ وہ چین کے مقابلے میں بڑی طاقت بننے کے جو خواب دیکھ رہا ہے پاکستان اس کی راہ میں رکاوٹ بنا ہوا ہے اس لیے پاکستان کو انہوں نے کبھی بھی دل سے پوری طرح سے تسلیم نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن وہ بھارت کو ہر طرح کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ وزیر اعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف بھی کئی دفعہ کہہ چکے ہیں کہ وہ بھارت کو جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ بھارت کے لیے حملہ کرنا آسان نہیں ہے اور وہ جانتے ہیں پاکستان کی فوج طاقت رکھتی ہے۔

اشرف جہانگیر قاضی نے کہا کہ پاکستان کی بھارت کے حوالے سے پالیسی بالکل واضح ہے۔ پاکستان نیا پاکستان بنانا چاہتا ہے اور اسے پر امن پڑوسیوں کی ضرورت ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان اپنا دفاع کر سکتا ہے۔ کشمیر پر پاکستان کی پالیسی واضح نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں کبھی دباؤ لیا ہے اور نہ لوں گا، وزیر اعظم عمران خان

دفاعی تجزیہ کار برگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے کہا کہ بنیادی طور پر بھارت کو پاکستان فوبیا ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ بھارت اس وقت اپنے اندرونی معاملات میں بری طرح پھنسا ہوا ہے تاہم پاکستان کو چاہیے کہ وہ بھارت کو انتہائی سخت جواب دے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں اور اپنے شہدا کو پاکستان کے جھنڈے میں لپیٹ کر تدفین کرتے ہیں۔ ہمیں کشمیر کے معاملے پر کوئی قدم اٹھانا ہو گا۔

برگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا کہ جس بھارت سمجھے گا اس نے کشمیر کو کنٹرول کر لیا ہے اس دن وہ کرفیو بھی اٹھا لے گا۔

عامر ضیا نے کہا کہ مودی کی تازہ ترین تقریر ہمارے ان حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں جو دن رات بھارت سے مذاکرات کی باتیں کر رہے ہیں۔ پاکستان نے بھارت کے کشمیر پر اٹھائے گئے فیصلے پر جو اقدام اٹھائے ہیں کیا وہ کافی ہیں ؟


متعلقہ خبریں