وہ کھانے جنہیں دوبارہ گرم کرنے سے گریز کیا جائے

وہ کھانے جنہیں دوبارہ گرم کرنے سے گریز کریں

اسلام آباد: دن میں اگر آپ کو بھوک لگ جائے تو آپ گھر میں پڑا کھانا دوبارہ گرم کر کے کھا لیتے ہیں لیکن ٹھہریں کچھ کھانے ایسے بھی ہیں جنہیں دوبارہ گرم کرنے سے آپ کی صحت متاثر ہو سکتی ہے کیونکہ یہ کھانے دوبارہ گرم کیے جانے پر اپنی غذائیت کھو دیتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کھانوں کو دوبارہ گرم کرنے سے ان میں موجود اجزا خراب ہو جاتے ہیں اور انہیں کھانے سے صحت پر نہایت مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

1۔ نائٹریٹ سے بھرپور سبزیاں

پتوں والی سبزیاں جیسے پالک، دھنیا، ساگ یا جڑوں والی سبزیاں گاجر، شلجم کو دوبارہ گرم کرنے گریز کیا جائے۔ یہ نائٹریٹ سے بھرپور سبزیاں ہیں جو دوبارہ گرم ہونے کے بعد زہریلی ہو جاتی ہیں اور صحت کو سخت نقصان پہنچاتی ہیں جو بانجھ پن اور کینسر سمیت دیگر بیماریوں کا سبب بنتی ہیں۔

2۔ چاول

آپ حیران ہوں گے کے چاول بھی دوبارہ گرم کرنے سے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔ فوڈ اسٹینڈرڈ ایجنسی (ایف ایس اے) کے مطابق دوبارہ گرم کیے گئے چاول کھانے سے آپ کا ہاضمہ خراب ہو سکتا ہے۔

3۔ انڈے

ہم سب جانتے ہیں کہ انڈے پروٹین کا ایک بھرپور ذریعہ ہیں تاہم انڈے کو بار بار گرم کرنے یا ابالنے سے یہ صحت کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔ انڈے کو پکانے کے بعد فوری طور پر کھا لینا چاہیے اور اگر فوری نہ کھائیں تو دوبارہ گرم نہ کریں بلکہ صرف ٹھنڈا ہی کھا لیں کیونکہ ہائی پروٹین کھانے میں بہت زیادہ نائٹروجن ہوتی ہے جو دوبارہ گرم ہونے کی وجہ سے نائیٹروجن آسائیڈ بن سکتی ہے جس کی وجہ سے کینسر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

4۔ مرغی

اگر آپ مرغی کے کھانے کو اگلے دن کے لیے بچانا چاہ رہے ہیں تو اسے بار بار گرم کرنے سے گریز کریں۔ فریج میں رکھنے کے بعد مرغی کے سالن میں موجود پروٹین کا مرکب مکمل طور پر تبدیل ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے نظام ہاضمہ خراب ہو سکتا ہے۔ اگر آپ پیٹ خراب ہونے سے بچنا چاہتے ہیں تو پھر سالن کو ٹھنڈا ہی کھا لیں۔

5۔ آلو

آلو نشاستہ سے بھر پور سبزی ہے جس کے صحت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں تاہم بدقسمتی سے اسے بھی دوبارہ گرم کرنے کے بارے میں نہ سوچیں کیونکہ آلو بھی دوبارہ گرم ہونے کے بعد صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

آلو کو دوبارہ گرم کرنے یا کھلا چھوڑ دینے سے اس میں بیکٹیریا کی پیداوار میں اضافہ ہو گا بہتر ہے کہ آپ اسے دوبارہ استعمال کرنے کے بجائے یا تو فریز کر لیں یا پھر باہر پھینک دیں۔

6۔ مشرومز

مشرومز بھی وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتے ہیں اور انہیں اگلے دن کے لیے ذخیرہ کرنے کے بجائے تازہ ہی کھا لینا چاہیے۔ اگر آپ کو مشرومز دوبارہ گرم کر کے کھانے کا دل چاہے تو کبھی بھی ایسا مت کیجیئے گا کیونکہ ایسا کرنے سے آپ کو معدہ خراب ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے آپ شدید مسائل کا شکار ہوں گے۔ اس لیے کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے آپ ٹھنڈے مشرومز سے ہی لطف اندوز ہوں۔


متعلقہ خبریں