کورونا وائرس، ملتان میں سی پیک پر جاری کام روک دیا گیا


ملتان: کورونا وائرس کے خطرہ کے پیش نظر جنوبی پنجاب میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر جاری کام روک دیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق سی پیک پر کام کرنے والے 71 چینی انجینئرز رہائشی کیمپوں میں موجود اور محکمہ ہیلتھ کی جانب سے ان کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق چینی انجینئرز کی سیکیورٹی پر تعینات 350 اہلکاروں کی بھی اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔

مزید پڑھیں: چین، کورونا وائرس سے 170 افراد ہلاک

اب تک کورونا وائرس کے شبہ میں ایک چینی انجینئر کو نشتر اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ ہیلتھ ایڈوائزری چائنا کی جانب سے انجینئرز کو اپنے کیمپس میں رہنے کی ہدایات جاری کی جاچکی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ دس روز سے ملتان میں سی پیک منصوبوں پر کام بند ہے۔

چین میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 170 تک پہنچ چکی ہے، تبت میں بھی ایک کیس سامنے آیا ہے جبکہ یہ وائرس چین کے ہر حصے میں پھیل چکا ہے۔

چین کے ووہان شہر سے پھیلنے والے پراسرار وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد سات ہزار 711 سے تجاوز کر گئی ہے جو کہ ایک دن قبل چار ہزار 515 تھی۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا اجلاس جمعرات کو ہو گا جس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا کہ آیا یہ وائرس عالمی صحت کے لئے ایک ایمرجنسی ہے۔

کورونا وائرس کیا ہے؟

اسے سارس وائرس کا کزن بھی کہا جاتا ہے کیونکہ ان دونوں میں کئی خصوصیات مشترک ہیں۔ چینی سائنسدان لیو پون کا خیال ہے کہ اس کا آغاز بھی جانوروں سے ہوا اور بعد میں یہ انسانوں میں منتقل ہو گیا۔

کورونا وائرس دراصل ایک بڑا گروپ ہے جو عموماً جانوروں میں پایا جاتا ہے، ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ یہ جانوروں سے انسانوں کو منتقل ہو جائے۔

کورونا وائرس کی علامات

اس سے متاثرہ افراد میں آغاز میں زکام جیسی علامات ظاہر ہوتی ہے، ناک کا بہنا، کھانسی، گلے کی تکلیف، عموماً سردرد اور بعض اوقات بخار شروع ہو جاتا ہے۔

ایسے افراد (بڑی عمر کے یا بہت چھوٹی عمر کے بچے) جن کے جسم کا مدافعاتی نظام کمزور ہوتا ہے ان کے لیے نمونیا یا برونکائیٹس میں مبتلا ہونے کا امکان ہوتا ہے۔

وائرس کی وبا کی حالیہ تاریخ

مڈل ایسٹ ریسپی ریٹری سنڈروم (مرس) 2012 میں مشرق وسطیٰ میں شروع ہوا۔ غالب امکان ہے کہ یہ اونٹوں سے انسانوں میں منتقل ہوا۔ اس سے متاثر ہونے والے ہر 10 افراد میں سے تین سے چار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

سیویر اکیوٹ ریسپی ریٹری سنڈروم (سارس) کا آغاز چین کے صوبے گینگ ڈون سے ہوا۔ ہلاکتوں کی شرح عمر کے مطابق صفر سے پچاس فیصد تھی۔ سائنسدانوں کا خیال ہے کہ یہ خاص قسم کی بلیوں سے انسانوں میں پھیلا۔

کورونا وائرس کیسے پھیلتا ہے؟

ایک فرد سے دوسرے فرد میں وائرس کی منتقلی کے کئی راستے ہیں جن میں کھانسی، چھینک، ہاتھ ملانا شامل ہیں۔ اگر متاثرہ شخص نے کس چیز کو چھوا ہو اور اسے دوسرا فرد چھو کر اپنے منہ، ناک یا آنکھوں کو لگائے تو اس صورت میں بھی وائرس کے پھیلنے کا امکان ہوتا ہے۔

کورونا وائرس کا علاج

اس کا کوئی خاص علاج نہیں ہے۔ بہت بار علامات خود بخود ختم ہو جاتی ہیں۔ درد یا بخار پر قابو پانے کے لیے ڈاکٹر ادویات دے سکتے ہیں۔ گرم پانی سے نہانا بھی دکھتے ہوئے گلے یا کھانسی کو دور کر سکتا ہے۔

اس سے متاثرہ افراد کو زیادہ سے زیادہ پانی اور جوسز پینے چاہئیں، آرام کرنا لازم ہے اور بھرپور نیند ضروری ہے۔

کورونا وائرس سے بچاؤ

اس وائرس کی کوئی ویکسین موجود نہیں ہے۔ متاثرہ افراد سے دور رہنا چاہیئے۔ اپنی آنکھوں، ناک اور منہ کو چھونے سے پرہیز کرنا چاہیئے۔ اپنے ہاتھوں کو صابن سے کم از کم بیس سیکنڈ پر دھوئیں۔

 


متعلقہ خبریں