پنجاب حکومت نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کو غیر تسلی بخش قرار دیا

فوٹو: فائل


لاہور: قائد پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف کے بیرون ملک قیام میں توسیع کا معاملہ حل نہ ہوا، پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم کی میڈیکل رپورٹس کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف کی صحت سے متعلق نئی رپورٹس مانگی گئی ہیں

ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کے میڈیکل بورڈ نے رپورٹس کو غیر تسلی بخش قرار دے کر محکمہ داخلہ کو بھجوا دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بورڈ نے اعتراض اٹھایا ہے کہ رپورٹس میں صرف عارضہ قلب کی تشخیص اور علاج کی سفارشات ہیں جبکہ سابق وزیراعظم کے پلیٹ لیٹس کا ذکر تک نہیں ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب مسرت جمشید چیمہ کے مطابق صوبائی محکمہ داخلہ نے تازہ رپورٹس جمع کروانے کیلئے نواز شریف کے وکلا کو کہہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لندن میں سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر لارنس کی تیار کردہ یہ رپورٹ 14 جنوری کو محکمہ صحت کو بھجوائی گئی تھی۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے پچیس دسمبر کو بھی سرکاری میڈیکل بورڈ نے لیگی قائد کی رپورٹس مسترد کر دیں تھی۔


متعلقہ خبریں