وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں سے رابطوں کے لیے کمیٹیاں تشکیل دیدیں

پی ٹی آئی حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، وزیراعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اتحادیوں کو منانے، ان کے تحفظات دور کرنے اور ان سے رابطے تیز کرنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی اتحادیوں کے معاملات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

اجلاس میں حکومت کی ناراض اتحادی جماعت متحدہ قومی مومنٹ (پاکستان) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے رابطے کے لیے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں چار  رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔ دیگر ارکان میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی اورحلیم عادل شیخ شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی حلیف جماعت پاکستان  مسلم لیگ ق سے رابطے کے لیے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ کمیٹی کے دیگر ممبران میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود شامل ہیں۔

وزیراعظم نے بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل اور بلوچستان عوامی پارٹی سے رابطوں کے لیے وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی کے دیگر ممبران میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور میر خان محمد جمالی شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں