بیشک! ہمیں جیلوں میں ڈالو لیکن عوام کے لیے کچھ کرلو، احسن اقبال

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیشک! ہمیں جیلوں میں ڈالو لیکن عوام کے لیے کچھ کرلو۔ انہوں نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کا ایک ہی نعرہ ہے کہ میں نہیں چھوڑوں گا۔

ہوائیں بدلنے کا وقت آیا تو قانون ہی بدل دیا، احسن اقبال

ہم نیوز کے مطابق ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں درد کا ٹیکہ لگنے سے حوریں نظر آتی ہیں جب کہ حکومت نے عوام کو مہنگائی کے جو ٹیکے لگائے ہیں ان سے انہیں دن میں تارے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو 15 ارب ڈالرز کا نقصان پہنچایا ہے۔

سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے الزام عائد کیا کہ حکومتی اراکین نے عوام کی جیبوں پہ ڈاکہ مار کر جیبیں بھری ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ آٹے اور چینی کے بحران کے پیچھے وزیراعظم کی اے ٹی ایم مشین ہے۔

پی ایم ایل (ن) کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے مطالبہ کیا کہ آٹا بحران سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی بتایا جائے کہ کس نے گندم ملک سے باہر بھیجی تھی؟

احسن اقبال نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ آٹے بحران کا از خود نوٹس لے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ گندم کی فصل کم ہونے سے آئندہ دنوں میں مزید مہنگائی ہوگی۔

ٹڈی دل حملوں کی ذمہ داری موجودہ حکومت پہ عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کے حملے پہلے بھی ہوتے تھے مگر موجودہ حکومت تو ان کو تلف کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے متببیہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹڈی دل کا حملہ پنجاب میں گندم کی فصل تباہ کردے گا۔

احسن اقبال کا نیب آرڈیننس سے مستفید نہ ہونے کا فیصلہ

سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہر روز مہنگائی بڑھ رہی ہے اور حکومت کا ہر شعبہ ہی بیٹھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ استعفیٰ وہ لوگ دیتے ہیں جن کا ضمیر ہوتا ہے۔


متعلقہ خبریں