بلاول کا ایک بار پھر ایم کیو ایم کو پی ٹی آئی سے اتحاد ختم کرنے کا مشورہ

’بلاول صاحب! ہوش کے ناخن لیں‘

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: چیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر متحدہ قومی مومنٹ (پاکستان) کو مرکز میں برسراقتدار جماعت پاکستان تحریک انصاف سے اتحاد ختم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

صلاحاتذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم کے بلدیاتی اصلاحات، پولیس سمیت دیگر مطالبات پر پورا نہیں اترسکی ہے۔ ایم کیو ایم کو سوچنا چاہیے کہ وہ کراچی کے عوام کو مشکلات میں ڈالنے والی جماعت کا ساتھ کیوں دے رہی ہے؟

بلاول نے کہا کہ ایم کیو ایم خود بھی کہتی ہے کہ وفاقی حکومت نے ان سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔۔ ایم کیو ایم حکومت کا ساتھ اور وزارتیں چھوڑ کر عوام کے مسائل حل کرے۔

چیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیاں کافی نظریاتی مسائل ہیں، لیکن دونوں جماعتوں کو مل کر کراچی کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے عوام کے ساتھ کیا گیا ایک  بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ عمران خان نے کراچی میں پانی کا ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے، نوکریاں فراہم کرنے اور دیگر وعدوں پر یوٹرن لیا ہے۔

اگر ایم کیو ایم واقعی کراچی کے لیے مخلص  ہے تو وہ وزارتیں چھوڑے اور ہمارے ساتھ کام کرے۔  پی ٹی آئی میں صلاحیت نہیں کہ وہ ملکی معاملات چلا سکے اور اتحادیوں کو ساتھ لے کر چل سکے۔

ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ چین میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے پر ہم پریشان ہیں۔ دنیا کے تمام ممالک چین میں مقیم اپنے طلبہ کو واپس بلارہے ہیں، لیکن پاکستان کی طرف سے ایسا کوئی اقدام نظر نہیں آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا معاشی قتل ہو رہا ہے۔ چینی پرکچھ افراد کی اجارہداری ہے۔ چینی کے معاملہ پر نا اہل ڈپٹی وزیر اعظم کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔ غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں آٹے کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں بلاول نے کہا کہ ہم اس بات پر متفق ہیں کہ عمران خان کو جانا پڑے گا۔ مسلسل چھٹی پر جانے والے لوگ کیا کام کریں گے۔


متعلقہ خبریں