2 لاکھ سے زائد افراد  نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا، وزیر صحت کا انکشاف

انسداد پولیو مہم کے دوران فائرنگ: دو پولیس اہلکار شہید

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ 2020 کی پہلی انسداد پولیو مہم کے دوران 2 لاکھ 37 ہزار افراد نے اپنے بچوں کو اس موذی مرض سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کیا۔

اسلام آباد میں کرونا وائرس سے متعلق پریس کانفرنس کے دوران وزیر صحت نے کہا کہ  اس سال 2020 میں  پاکستان میں آٹھ پولیو کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تعداد گزشتہ سال 137 تھی۔

تاہم ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اس سال کے ابتدائی 6 ہفتوں کے پولیو کیسز پر ہمیں فکر مند نہیں ہونا چاہیے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے دعویٰ کیا کہ پاکستان گزشتہ دو ہفتوں میں پولیو سے بچاؤ کی مہم میں بہتری آئی ہے، پولیو کیسز میں وقت کے ساتھ ساتھ کمی آئے گی۔

وفاقی وزیر صحت نے یہ بھی انکشاف کیا ہے گزشتہ سال اپریل میں 14 لاکھ سے زائد افراد نے اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سال 22 جنوری کوصوبہ سندھ اور بلوچستان سے پولیو کے ایک، ایک کیسز سامنے آگئے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق سندھ کے ضلع ٹنڈو الہ یار میں سات ماہ کی بچی پولیو سے متاثر ہوئی تھی۔

اس سال 22 جنوری کو بلوچستان  کے ضلع قلعہ عبداللہ میں پولیو کا کیس رپورٹ ہوا تھا جہاں ایک 18 ماہ کی بچی میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ بچی میں پولیو کی تصدیق کے لیے نمونہ 31 دسمبر 2019 کو حاصل کیا گیا تھا۔

محکمہ صحت نے دعویٰ کیا تھا کہ مذکورہ بچی کو تین مرتبہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے تھے جبکہ اس کا خاندان پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں مقیم رہا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اس سال 9 جنوری کو پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں چھ پولیو کے نئے کیسز سامنے آئے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان کی دو بچیوں میں پولیو کی تصدیق ہوئی تھی۔ 6 ماہ کی بچی کی ایک ٹانگ جبکہ 12 ماہ کی بچی کی دونوں ٹانگیں پولیو سے متاثر ہوئی تھیں۔

اس سال 9 جنوری کو سندھ میں بھی پولیو کے دو نئے کیسز سامنے آئے تھے جہاں بچوں کے نمونے 2019 کے آخر میں لیے گئے تھے۔ بعد ازاں رپورٹ آنے پر بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی تھی۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے ضلاع ڈی آئی خان میں 24 ماہ کا بچہ جبکہ لکی مروت میں 9 ماہ کی بچی میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔  کے پی ایمرجنسی سنٹر کے مطابق دونوں متاثرہ بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے گئے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق اس سال اب تک ملک بھر کے 15 مقامات سے پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے 7، سندھ کے 4 اوربلوچستان کے 2 مقامات پرپولیو وائرس نکلا ہے جن میں سے 13 نمونوں میں ٹائپ ون اور ٹائپ ٹو میں وائرس پایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں