وزیراعظم نے سندھ میں ’غیر سیاسی‘ پولیس آئی جی لگانے کا عندیہ دیدیا

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے صوبہ سندھ میں ایسا پولیس انسپکٹر جنرل (آئی جی) تعینات کرنے کا عندیہ دیا ہے جو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ ہوں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنماوں کے اجلاس میں سندھ میں نئے پولیس آئی جی کی تعیناتی سے متعلق غوروخوص کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سندھ میں ایسا پولیس آفیسر لگائیں گے جو کسی بھی سیاسی دباؤ میں آئے بغیر کام کرسکے۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹ پیش کر دی گئی۔ وزیراعظم نے مشیر شہزاد اکبر نے اجلاس کو دو صفحات پر مشتمل رپورٹ پر بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹ جائزے کے لیے پنجاب حکومت کو بھجوائی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے رپورٹ کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت کردی

اجلاس میں وزیراعظم نے مہنگائی کم کرنے کے لیے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ اس حوالے سے پرائس کنڑول کمیٹیوں کی کارکردگی پر آئندہ ہفتے بریفنگ ہوگی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورہ ملائشیا سے متعلق بھی اجلاس میں مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان ملائشیا کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے. وزیراعظم 3 فروری کو ملائشیا جائیں گے.

ذرائع کے مطابق دورے میں پاکستان اور ملائشیا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات 4 فروری کو ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی اپنے ملائشین ہم منصب ڈاکٹر مہاتیر محمد سے ون آن ون ملاقات بھی ہوگی۔

ذرائع کے مطابق دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات اورتجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی تفصیلی بات چیت ہوگی۔

اجلاس میں اتحادیوں سے روابط مزید موثر بنانے پر اتفاق ہوا۔ وزیراعظم نے اتحادیوں سے رابطے کے لیے قائم کمیٹیوں کو فعال انداز میں کام کرنے کی ہدایت کردی۔


متعلقہ خبریں