’کرونا وائرس سے متعلق غلط خبریں پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے‘


سوات: صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے پاکستان میں کرونا وائرس سے متعلق غلط خبریں پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ اس سے صوبے کی سیاحت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  خیبر پختونخواہ میں کرونا وائرس پھیلنے کا اتنا خطرہ نہیں ہے۔ خیبر پختوںخواہ سے بہت سے لوگ چین کاروبار کیلئے جاتے رہتے ہیں۔ اس حوالے سے سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر غلط خبریں پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کرونا وائرس سے متعلق غیر مصدقہ خبروں کی گردش سے صوبے کی سیاحت پر منفی اثراتات مرتب ہورہے ہیں۔ کرونا وائرس سے متعلق غلط خبریں چلانے سے ملکی اور غیرملکی سیاح بھی خوف کے باعث یہاں نہیں آئینگے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کل وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ نے وزیر صحت کو ہدایات جاری کیے ہیں۔ صوبائی حکومت کرونا وائرس سے بچاو کیلئے حفاظتی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صوبے بھر کے اسپتالوں میں ائیسولیشن وارڈز قائم کیے جارہے ہیں۔

صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ چین ایک ذمہ دار ملک ہے اور کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وہ کافی اچھے اقدامات کر رہا ہے۔ چین کے اقدامات سے پوری دنیا کو مطمئن ہونا چاہیے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ لوگ خوف و ہراس میں مبتلاء ہونے کے بجائے خود حفاظتی اقدامات اٹھائے۔ صوبائی حکومت اقدامات اس انداز میں اٹھا رہی ہے کہ لوگوں میں خوف وہراس نہ پھیلے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کے لیے صوبے کے تمام ائیرپورٹس بہتراقدامات اٹھائے گئے ہیں جن سے ہم مطمئن ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کو ہم تسلیم کرتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ملک میں مہنگائی پر جلد قابو پالیا جائے۔


متعلقہ خبریں