’عمران خان اگر خودکشی نہیں کرتے تو شرم سے ہی ڈوب مریں‘

فائل فوٹو


لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو 15 ماہ میں ریکارڈ قرض اور واجبات کا اعتراف کرنے سے پہلے خودکشی نہیں تو شرم سے ہی ڈوب مرنا چاہیے۔

جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اتنے بڑے قرض کا پھندا قوم کی گردن میں ڈال دیا ہے۔عمران خان نے عوام کو کٹوں، مرغیوں، انڈوں اور لنگر پر جبکہ دوستوں کو اپنی جیبیں بھرنے پر لگادیا ہے۔ تاریخی قرض لے کر ملک کو غریب، مہنگا ترین بنادیا اور عوام کو بھوکا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 71 سال میں ملک کے قرض اور واجبات 29 ہزار 500 ارب روپے تھے۔ 71 سال میں ملک نے سالانہ 415 ارب روپے قرض لیا، لیکن 15 ماہ میں عمران عمران خان نے 11 ہزار 500 ارب روپے کا مزید اضافہ کردیا۔ عمران خان نے ملک پر 2,216 فیصد قرض اور واجبات میں اضافہ کردیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے نیا مہنگا غریب اور مقروض پاکستان بنایا ہے۔ عمران خان کی کفایت شعاری اور بچت کے ڈراموں نے پاکستان کو مزید مقروض کر دیا۔ پاکستان کی ترقی 16 ماہ میں صفر ہوچکی ہے۔

رترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ ملک میں ترقیاتی وکارباری سرگرمیاں بند ہیں۔ عوام کا سوال ہے کہ یہ پیسہ آخر جا کہاں رہا ہے؟ کرپٹ اور منافع خور ٹولہ قوم کا نوالہ چھین کر اپنی تجوریاں بھر رہا ہے۔

انہوں نے کہ مسلم لیگ ن نے پانچ سال میں اتنا قرض نہیں لیا جتنا پی ٹی آئی حکومت نے پندرہ ماہ میں لے لیا۔ نواز شریف نے 17,000 کلومیٹر موٹرویز، 12,000 میگا واٹ بجلی، سی پیک، 8,000 کلومیٹر ہائی ویز اور سڑکیں، ایل این جی ٹرمینل، گوادربندرگاہ صنعتی زون، اورنج لائن، میٹرو، دیں.

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے قوم کو قرض، ٹیکس اور مہنگائی کے سوا کیا دیا؟ آٹا، چینی، گھی، دالیں، ادویات، پٹرول، ڈیزل، سبزیوں، گوشت سمیت ہر چیز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں