جو عدالت آئے گا اسے قانون کے مطابق حق ضرور ملے گا، چیف جسٹس پاکستان

فوٹو: فائل


ملتان: چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے جو بھی عدالت کے روبرو آئے گا اسے قانون کے مطابق حق ضرور ملے گا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ملتان میں سیوک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں وکیل کی حیثیت سے آیا کرتا تھا۔ سیوک رائٹس میں عدلیہ کا کردار کلیدی ہے اور انسانی حقوق کے حوالے سے ہم اپنا بھرپور اختیار استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی عدالت کے روبرو آئے گا اسے قانون کے مطابق حق ضرور ملے گا۔ ہمارے اندر کوئی کمزوری نہیں کہ ہم کمزور ہو جائیں کیونکہ ہمیں اپنے اختیارات کا پتا ہے اور ہم مملکت خداداد کے تحفظ کے لیے ان اختیارات کا استعمال کریں گے۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہمیں اپنی پوزیشن کا بخوبی اندازہ ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ہمارا کیا کردار ہونا چاہیے۔

ملتان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملتان میں درختوں اور اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے برابر ہیں، اگر شہر میں دکانوں کی لائٹس بند کر دی جائیں تو ملتان اندھیرے میں ڈوب جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کی سوغات آم کے درختوں کو تیزی کے ساتھ کاٹا جا رہا ہے جبکہ میں نے انتظامیہ سے وجہ پوچھی تو پرائیویٹ زمین کا بتایا گیا۔ ملتان کے آموں کے تحفظ کے لیے اگر کوئی منصوبہ انتظامیہ نہیں بنا سکتی تو ہمارے پاس آجائے۔

یہ بھی پڑھیں کرپٹ مافیا حکومت کو گرانے کی کوشش کر رہا ہے، عمران خان

جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ ٹی وی پر چلڈرن پارک کی مخدوش حالت دیکھ کر ہی پارک کا دورہ کیا تھا اور ملتان کی انتظامیہ نے پارک کی حالت بہتر کرنے میں کردار ادا کیا اور مجھے خوشی ہوئی کہ ملتان کی انتظامیہ اس شہر کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں