کوروناوائرس: چین سے باہر پہلی ہلاکت، تعداد361 تک پہنچ گئی

فائل فوٹو


اسلام آباد: کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد361 تک پہنچ گئی ہے جبکہ چین سے باہر فلپائن میں بھی ایک شخص اس وائرس سے ہلاک ہو گیا ہے۔

اس وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوارن 57 افرا ہلاک ہوئے ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد 17ہزار238 سے تجاوز کر گئی ہے۔ مشتبہ افراد کی تعداد21 ہزار سے تجاوز کر گئی اور سب سے زیادہ تعداد چین میں ہے۔

اطلاعات ہیں کہ کورونا وائرس سے متاثرہ 475 افرا د کو بچا لیا گیا ہے اور تھائی لینڈ میں بھی اس وائرس کے علاج میں ابتدائی کامیابی سے مثبت نتائج ملنا شروع ہو گئے ہیں۔

کورونا وائرس  سے اب تک دنیا کے 27 ممالک متاثر ہوچکے ہیں جب کہ ووہان سے فرانس پہنچنے والے 20افراد میں بھی اس مرض کی علامات پائی گئی ہیں۔ آسٹریلیا، امریکہ، جاپان، روس اور اٹلی نے چین سے آنے والوں پر پابندی لگا رکھی ہے۔

چین کے کم سے کم دس صوبوں میں تمام سرکاری اور غیرسرکاری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے اور لوگ اپنے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ تمام تعلیمی ادارے، دفاتر اور فیکٹریاں بند ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق حکومت نے کم سے کم دس فروری تک یہی صورتحال برقرار رہنے کا عندیہ دیا ہے۔

آسٹریلیا12، کمبوڈیا1، کینیڈا4، چین17205، فن لینڈ1، فرانس6، جرمنی8، بھارت2، اٹلی2، جاپان 20، ملائیشیا8، نیپال1، فلپائن2، روس2، سنگاپور18، جنوبی کوریا15، سپین1، سری لنکا1، سویڈن1، تائیوان10، تھائی لینڈ19، دبئی 5، برطانیہ2، امریکہ8 اور ویتنام میں بھی8 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

فرانس، امریکہ، برطانیہ، مصر، کینیا، روانڈا اور روس نے چین کیلئے اپنی پروازیں بند کر دی ہیں تاہم تمام ممالک اپنے شہریوں کو چین سے نکالنے کیلئے خصوصی پروازیں بھیج رہے ہیں۔

پاکستانیوں کی معلومات

وائرس سے متاثرہ ووہان سمیت چینی صوبہ ہوبے میں 559 سے زائد پاکستانی طلبہ  موجود ہیں۔ ہوبے کی 14 یونیورسٹیوں میں489  پاکستانی طلبہ ہیں جبکہ طلبہ کیساتھ خاندان کے 70 افراد بھی موجود ہیں۔

ہوبے یونیورسٹی میں 14، سینٹرل چائنا یونیورسٹی میں 16 اور ووہان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں 54 طلبہ اور ان کے خاندان کے 14 افراد موجود ہیں۔

وائرس سے شدید متاثرہ علاقوں میں موجود پاکستانی شہریوں کیساتھ معصوم بچے بھی ہیں۔ ووہان یونیورسٹی میں 82 طلباء اور  خاندان کے 23 افراد ہیں۔

ووہان ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں 19، ووہان یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی میں 83، ووہان انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں 5 طلبا، ہوبے یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں ایک پاکستانی طالبعلم ہے۔

ہوبے یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی میں 60 پاکستانی طلبا اور ان کے خاندانوں کے 27 افراد موجود ہیں۔ ووہان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں 54 طلبا اور ان  خاندان کے 14 افراد موجود ہیں۔

چین کے صوبہ جیلن سے ایک مہمان طالبعلم ووہان یونیورسٹی کا حصہ ہے، ہواژانگ زرعی یونیورسٹی میں 47، زانگنان یونیورسٹی آف اکنامکس اینڈ لاء میں 22 پاکستانی طلبا موجود ہیں۔ چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے ووہان کیمپس میں 8 طلبا اور ان کے خاندان کے 5 افراد موجود ہیں۔ چائنیز یونیورسٹی آف جیوسائنسز ووہان میں پاکستان کے 71 طلبا اور ان کے خاندان کا ایک فرد موجود ہے۔

 


متعلقہ خبریں