کسی ملک کے شہریوں کو واپس نہیں بھیج رہے، چینی سفیر

کسی ملک کے شہریوں کو واپس نہیں بھیج رہے، چینی سفیر

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جین نے کہا کہ ان کی حکومت پاکستانیوں کو بھی اپنا ہی شہری سمجھتی ہے، ان کا بھرپور خیال رکھا جا رہا ہے اور ہم کسی ملک کے شہریوں کو ان کے ملک واپس نہیں بھیج رہے۔

وفاقی دارالحکومت میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرظفرمرزا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چینی سفیر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے معاملے پر اسلام آباد اور بیجنگ میں تعاون ہے، ووہان سمیت دیگر شہروں میں موجود پاکستانیوں کا خیال رکھا جارہا ہے۔

چین میں موجود پاکستانی کمیونٹی کو ملک میں متاثرہ صوبوں کے علاوہ ہر جگہ جانے کی اجازت ہے اور اُن کی اس حوالے سے تمام ضرویات زندگی کا خیال رکھا جا رہا ہے۔

سفیر نے کہا کہ چین کورونا وائرس کے معاملے میں تیزی سے اقدامات پر عمل پیرا ہے اور اس کے متعلق تمام ممالک سے رابطے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی طلبا اور شہریوں کو ہر قسم کی معاونت فراہم کی جارہی ہے اور مشکل حالات میں ساتھ دینے پر پاکستان سمیت دیگر ممالک کے مشکور ہیں۔

یاؤ جین کا کہنا تھا کہ چین کے صوبے ہوبئے سے پاکستان سمیت کسی بھی ملک کے شہریوں کو ان کے ممالک نہیں بھیجا جارہا، پاکستان سمیت دیگر ممالک کے شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے اقدامات بیجنگ کی ذمہ داری ہے۔

کرونا وائرس کی وبا کا آغاز سپرنگ فیسٹیول کے دوران ہوا اور چین نے 21جنوری سے سخت اقدامات کرنا شروع کیے۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت ہرحکمت عملی کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔

چین مسلسل عالمی ادارہ صحت اور دیگر ممالک سے رابطے میں ہیں، ہمیں یقین ہےاس چیلنج کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یاؤ جین نے کہا اس وقت چین میں پاکستانی شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ چین کے 8 شہروں میں پاکستانی طلبا ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 100 سے زائد ممالک کے شہری ابھی تک چین میں موجود ہیں لیکن 130 شہری آج صبح چین سے پاکستان بھی پہنچے ہیں جن میں 12 چینی بھی شامل ہیں لیکن ان کا تعلق متاثرہ صوبوں سے نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں