کرونا وائرس متاثرین کے حوالے سے رپورٹنگ سنٹر بنانے کا فیصلہ


اسلام آباد: وفاقی وزارت صحت نے کرونا وائرس کے ممکنہ متاثرین کے حوالے سے رپورٹنگ سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع وزارت صحت کے مطابق چین سے موصول ہونے والی ڈائگناسٹک کٹس کے ذریعے متاثرین کا ڈیٹا تشکیل دیا جائے گا۔ انفیکشن رپورٹس تمام شہروں سے حاصل کی جائیں گی۔

ذرائع وزارتِ صحت کے مطابق صوبائی اور مرکزی ڈیٹا کے تجزیے کی بنیاد پر ایمرجنسی لیول کا تعین کیا جائے گا۔ ایمرجنسی لیول کی رپورٹ عالمی ادارہ صحت کو روزانہ کی بنیاد پر ارسال کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق تمام شہروں کے بڑے اسپتالوں میں ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔ روزانہ کی بنیاد پر اپڈیٹ شدہ ڈیٹا صوبائی اور وفاقی رپورٹنگ سنٹرز بھیجا جائے گا۔

اس سے قبل پاکستان میں متعین چینی سفیر یاؤ جنگ کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم  کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے دعویٰ کیا تھا کہ کورونا وائرس کے شکار98 فیصد مریض ازخود ٹھیک ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ وائرس وقت کے ساتھ بدلتا رہتا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ کورونا وائرس پر بے پناہ تحقیق (ریسرچ) ہورہی ہے جس میں کوشش کی جارہی ہے کہ اس مرض کا علاج اور ویکسین تیار کی جائے لیکن تاحال اس کا کوئی علاج نہیں ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ فی الوقت ہم اس کا علامتی علاج کر پاتے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ ایمرجنسی آف انٹرنیشنل کنسرن میں ٹریڈ پر پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ میں پروٹیکشن کے حوالے سے اقدامات اپنی جگہ لیکن کرونا وائرس کے حوالے سے اسے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔


متعلقہ خبریں