انڈر 19 ورلڈ کپ سیمی فائنل: بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی


جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 173 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم بھارت نے بغیر کسی نقصان کے ہدف کو حاصل کر لیا۔

بھارت کی جانب سے یشاسوی جیسوال نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 105 رنز اور دیویانش سکسینا نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔

قومی ٹیم نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت نہ ہو سکا اور پوری ٹیم 43 اوورز میں 172 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے کپتان روحیل نذیر نے 62 جبکہ حیدرعلی نے 56 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے سشانت مشرا نے تین جبکہ تیاگی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قومی ٹیم کے چھ کھلاڑی محض 26 رنز پر آؤٹ ہو گئے،ایک وقت پر گرین شرٹس نے چار وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا لئے تھے۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد ہریرا اور حیدر علی نے کیا تاہم سلامی جوڑی کی شراکت داری زیادہ لمبی نہ چل سکی اور پہلی وکٹ 9 رنز پرگر گئی۔

محمد ہریرا 4 رنز بنا کر مشرا کا شکار بنے جبکہ قومی ٹیم کی دوسری وکٹ بھی جلد ہی گر گئی جب فہد منیر بغیر کوئی رنز بنائے لیگ اسپنر روی بیشنو کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد کپتان روحیل نذیر اور حیدر علی کے مابین 62 رنز کی اچھی شراکت داری قائم ہوئی تاہم حیدر جسوا کی گیند پر شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ تھما بیٹھے۔

حیدر کے بعد کوئی بھی بلے باز جم کر کریز پر نہ کھڑا ہو سکا اور یکے بعد دیگرے قومی ٹیم کی تمام وکٹیں گر گئیں۔


متعلقہ خبریں