کابل میں پاکستانی سفارتخانے کو یکجہتی کشمیر کی تقریب منانے سے روک دیا گیا

یومِ یکجہتی کشمیر: ملک بھر میں سیمینارز، کانفرنسز اور ریلیوں کا انعقاد

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارتخانے کو یکجہتی کشمیر کی تقریب منانے سے روک دیا گیا۔

کابل میں ہوٹل انتظامیہ نے پاکستانی سفارتخانے کو کچھ دیر پہلے فیصلے سے آگاہ کیا۔ ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ افغان حکومت کے سینیئر حکام نے ایونٹ بکنگ منسوخ کرنے کو کہا ہے۔

مختلف ممالک میں موجود سفارتخانوں میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریبات منائی جا رہی ہیں جبکہ پاکستان میں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر عام تعطیل ہے اور سرکاری سطح پر بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔

پوری قوم 5 فروری کو کشمیری بہن بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرے گی جبکہ ملک بھر میں ریلیاں اور سیمینارز بھی منعقد کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 5 فروری کو پاکستان کی مائیں بیٹیاں ہاتھوں کی زنجیریں بنا کر دنیا کو پیغام دینے جا رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کے سامنے پاکستان کی بیٹیاں ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 5 فروری کو اقوام متحدہ کے ادارے کے سامنے قرارداد پیش کی جائے گی۔ بھارت کشمیری عوام کو حق خود ارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتا۔


متعلقہ خبریں