’پوری قوم 5 فروری کو کشمیری بہن بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کر ے گی‘

خواتین کے بغیر اسلامی فلاحی ریاست کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، فردوس عاشق اعوان

فائل: فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشیات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پوری قوم 5 فروری کو کشمیری بہن بھائیوں یکجہتی کا اظہار کرے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ریلیوں اور سیمینارز کے ذریعے پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریگی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں، سول سوسائٹی اور تمام ادارے دنیا بھر کو ایک پیغام دینے جا رہے ہیں کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کے حقوق کا نگہبان ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا دفاعی حصار ہے، پاکستان کا اپنا وجود کشمیر کے بنا ناممکن ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کل پاکستان کی مائیں بیٹیاں ہاتھوں کی زنجیریں بنا کر دنیا کو پیغام دینے جا رہی ہیں۔ کل اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کے سامنے پاکستان کی بیٹیاں ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلیے کل اقوام متحدہ کے ادارے کے سامنے قرارداد پیش کریں گے۔ بھارت کشمیری عوام کو حق خود ارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتا،

انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی، پارلیمنٹیرینز، میڈیا میں کام کرنے والی خواتین بھی دفتر خارجہ کے سامنے ہاتھوں کی زنجیر بنانے کیلیے تشریف لائیں۔ ہر شعبے سے وابستہ خواتین کل صبح ساڑھے دس بجے دفتر خارجہ پہنچیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ عوام کا ایک ایسا اجتماع ہو گا جہاں ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی خواتین وہاں موجود ہوں گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان ملائیشیا کا دورہ مکمل کر کے پاکستان کے لیے واپس روانہ ہوئے ہیں۔ وہاں دو طرفہ تعلقات اور مسٗلہ کشمیر پر مسلم امہ کے کردار پر بات ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں