کچھ لوگ عمران خان کو ناکام کرنا چاہتے ہیں، چودھری مونس الٰہی کا دعویٰ

تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کا تاثر غلط ہے، مونس الٰہی

لاہور: ق لیگ کے مرکزی رہنما چودھری مونس الٰہی نے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ لوگ عمران خان کو ناکام (فیل) کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کے کچھ سابقہ لوگ عمران خان کو گمراہ کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ بالکل غلط ہے کہ ہم بزدار حکومت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ق لیگ کے رکن قومی اسمبلی چودھری مونس الٰہی نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ چودھری پرویز الٰہی وزیراعلیٰ پنجاب کی نشست کے امیدوار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ساتھ پہلی ملاقات اچھی رہی تھی جس میں بہت کھل کر باتیں ہوئی تھیں۔

چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ میرا خیال تھا کہ سب باتیں ہونے کے بعد معاملات ٹھیک ہو جائیں گے کیونکہ وزیراعظم نے جو باتیں کیں ان کو کلیئر کردیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف اور ق لیگ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے متعلق انہوں نے کہا کہ ہمارا معاہدہ تھا کہ ہمارے وزرا با اختیار ہوں گے۔ انہیں تبادلوں و تقرریوں (ٹرانسفرز و پوسٹنگس) کی آزادی ہو گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاملات تین اضلاع کے حوالے سے طے ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ طے ہوا تھا کہ ہماری وزارتوں میں مداخلت نہیں ہوگی۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے ہونے والی حالیہ ملاقات کے حوالے سے انہوں ںے بتایا کہ ان سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے بات ہی یہاں سے شروع کی کہ جو پہلی کمیٹی سے معاملات طے ہوئے تھے ان پر عمل درآمد ہوگا۔

چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ پہلی کمیٹی سے جو معاملات طے ہوئے تھے ان پر کام بھی شروع ہو گیا تھا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ تبادلوں و تقرریوں میں کام چل پڑے ہیں البتہ ترقیاتی فنڈز کا معاملہ آگے نہیں بڑھ سکا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ق لیگ کے رہنما نے کہا کہ ن لیگ کے لوگوں سے اسمبلی میں ملاقاتیں ہو تی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں میں کئی لوگ ایسے ہیں جو ہماری سوچ کے حامل ہیں۔

پی ٹی آئی سے موجود سیاسی اتحاد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہماری تو کوشش ہے کہ یہ اتحاد چلے اور خواہش ہے کہ آئندہ انتخابات میں بھی مل کر حصہ لیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آٹے چینی کے بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس بحران پر قابو پا لے گی۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ چیزیں بہتری اوراچھائی کی طرف چل پڑی ہیں۔ اس ضمن میں انہوں ںے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آج بھی کچھ تبادلوں و تقرریوں کے اہم ایشوز پر احسن طریقے سے  قابو پایا ہے۔

چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں پارٹی خدشات سے آگا ہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو یقین دلایا تھا کہ ہم حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور چاہتے ہیں کہ جو بھی معاملات ہوں وہ احسن انداز سے حل ہوں۔

ہم نیوز کے مطابق ق لیگ کے مرکزی رہنما اوررکن قومی اسمبلی چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ ایک کمیٹی کی موجودگی میں دوسری کمیٹی کے قیام کا اعلان بلاجواز تھا۔


متعلقہ خبریں