پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا، وزیراعظم

انٹرا افغان مذاکرات مزید مشکل ہوسکتے ہیں، وزیراعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد کشمیریوں کےلیے اپنی حمایت کے عزم کااعادہ ہے.

وزیراعظم نے یوم یکجہتی کشمیر پرجاری اپنے پیغام میں کہا ہےکہ کشمیری عوام چھ مہینوں سے لاک ڈائون کا شکار ہیں وہاں مواصلاتی نظام کی بندش ہے، کشمیرمیں پابندیوں نے بھارت کے جمہوریت اورانسانی حقوق کےلیے احترام کو بے نقاب کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری،انسانی حقوق کی تنظیمیں اورعالمی میڈیا بھارت کے ناقابل قبول اقدامات کومسترد کرچکے ہیں۔

وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرے اور بلیک آئوٹ کو فوری ختم کیا جائے اور بھارت کو غیر قانونی اور یک طرفہ کارروائیوں سے روکا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر گرفتار تمام افراد کو رہا کیا جانا چاہئے اور بھارتی قابض افواج کے سزا دینے کے ڈریکونین قوانین کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق اور آزادیوں کے احترام کو یقینی بنائے۔

عمران خان نے کہا کہ بھارتی متنازعہ بیان بازی اورجارحانہ اقدامات سے عالمی امن کےلیے شدید خطرات ہیں جس سے بچانے کے لئے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیریوں کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنے تک ان کے ساتھ ہیں۔


متعلقہ خبریں