عمران خان کا نظریہ، ہر چیز کا مثبت استعمال

'تحریک انصاف حکومت کے خلاف لندن پلان بن رہا ہے'

فوٹو: فائل


راولپنڈی: وزیر برائے انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے منشیات کی فیکٹری کے متعلق بیان پر ہونے والی تنقید کے جواب میں کہا کہ’وزیراعظم کا وژن ہے کہ تمام اشیاء چاہے وہ ناسور ہوں ان کا مثبت استعمال کیا جانا چاہیے‘۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 2001 سے پوست ختم ہوچکی ہے، قبائلی علاقہ تیرہ میں اس لیے بات کی کہ وہاں تمام یہ چیزیں موجود ہیں۔ ان تمام چیزوں کا استعمال کیا جائے، میں نے پشتو میں بات کی تھی اس کا غلط ترجمہ کیا گیا۔

شہریارآفریدی نے کہا کہ کسی بھی نان ایشو کو ایشو بالکل نہ بنایا جائے۔ وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پکڑی جانے والی منشیات سے آرگینک ادویات تیار کی جاتی ہیں اور بھارت نے گزشتہ سال منشیات سے ادویات بنا کر 22 ارب ڈالر کمائے۔

شہریارآفریدی نے کہا کہ دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک منشیات کو ادویات بنانے میں استعمال کرتے ہیں۔

یاد رہے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا میں چرس و دیگر منشیات سے دوا بنانے کی فیکٹری لگائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت، وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر ایک فیکٹری بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے جس میں چرس سے دو ا تیار کی جائے گی، ہم ہر سال ہیروئن، چرس اور افیون بڑی مقدار میں پکڑتے ہیں اور پھر اسے جلاتے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں