’بھارت دنیا کی ڈارلنگ تھی، عمران خان نے اسے جابر ولن میں تبدیل کردیا‘

مولانا فضل الرحمان نے بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا، فردوس عاشق اعوان

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کی ڈارلنگ تھی، عمران خان کی کامیاب سفار تکاری کے باعث اس ڈارلنگ کا رول جابر ولن میں تبدیل ہو گیا ہے۔ 

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیری حق کو مٹانے کیلئے ہندوستان کی تمام کوششیں ناکام ہونگی۔ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو اجاگر کرنے کے لیے میڈیا موثر ہتھیار ہے۔ آج ملک کا بچہ بچہ کشمیری عوام سے یکجہتی کر رہا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ  مقبوضہ کشمیر میں قلم بھی قید ہے جسے ہندوستان کی فوج نے یرغمال بنا رکھا ہے۔ سوچ کبھی قید نہیں کی جا سکتی، آزادی کا جذبہ کبھی پابند سلاسل رکھا نہیں جا سکتا۔ بھارت کشمیر میں آزادی کی تحریک کو کچل نہیں سکتا۔ مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے نمائندے سے ملاقات میں ان کو کشمیر میں بھارت کی انتہا پسندانہ کردار سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے فوری کرفیو اٹھائے۔ ہندوستانی فوج کی جانب سے کشمیری خواتین کی بے حرمتی کیلئے بڑھتے قدموں کو روکا جاے۔ کشمیر میں انسانیت کی تذلیل کیخلاف اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اقوام متحدہ کا یہ ادارہ کمزور کو طاقتور سے تحفظ دینے کیلئے بنایا تھا، لیکن بد قسمتی سے طاقتور نے اس ادارہ کو اپنے مقصد کیلئے یرغمال بنا لیا ہے۔ اقوام متحدہ کا ادارہ اپنی افادیت کھو رہا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اقوام متحدہ مودی سرکار کی ریاستی دہشتگردی اور انتہا پسندی اوراسپانسرڈ ایجنڈے کے تحت کشمیر کی نسل کشی کا عمل  روکے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان امن کے علمبردار بن کر ابھرے ہیں۔ کشمیر ہمارے لئے فلیش پوائنٹ ہے۔ دنیا میں امن کیلئے ضروری ہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہو۔ دنیا خاموش تماشائی بنی رہتی ہے تو خطے کا امن داؤ پر لگے گا۔ دنیا ہوش کے ناخن لیں، معصوم کشمیریوں کی آہیں اور سسکھیاں سنے۔

دریں اثناء وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کشمیری جو پچھلے چھ مہینے سے کرفیوں میں ہیں انھیں پتا چلے کہ پاکستان کی عوام ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے 70 ہزار کشمیری شہید کردیے ہیں۔ شہادت کے بعد ان کا کفن پاکستانی جھنڈا ہوتا ہے اور لوگ ساتھ چلتے ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ بھارت کبھی بھی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو ختم نہیں کرسکتا۔ کشمیریوں کو سبز ہلالی پرچم میں لپیٹ کر دفنایا جاتا ہے۔ کشمیری نعرہ لگاتے ہیں کہ پاکستان ہمارا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ میں خود چاہتا ہوں بھارت کے ساتھ تعلقات ٹھیک ہوں۔ بھارت میں بھی بہت سے لوگ اچھے ہیں، لیکن بھارتی حکومت اچھی نہیں ہے۔ نریندر مودی ہزاروں افراد کا قاتل ہے۔ بھارت کے ہاتھ  ہزاروں کشمیریوں کے خون میں رنگے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے کشمیریوں کی آواز بننا ہے، کشمیر کی آواز دنیا کے کونے کونے تک پہنچانی ہے۔ عمران خان کا پیغام کشمیر بنے گا پاکستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملیشیاء میں عمران خان نے جس طرح  کشمیر کے لیے آواز اٹھائی، میرا سر فخر سے بلند ہوگیا۔  مسلئہ کشمیر کسی ایک سیاسی پارٹی کا نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کا مسٗلہ ہے۔ منزل قریب ہے، ہمیں ہمت نہیں ہارنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں