یومِ یکجہتی کشمیر پر بھارتی اداکارہ مودی سرکار پر پھٹ پڑیں

یومِ یکجہتی کشمیر پر بھارتی اداکارہ مودی سرکار پر پھٹ پڑیں

اسلام آباد: بھارتی اداکارہ زائرہ وسیم نے یوم یکجہتی کشمیر پر مودی سرکار اور بھارتی میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم ہے مگر میڈیا ان مظالم کو چھپا رہا ہے۔

زائرہ وسیم نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن (ایپ) ایپلیکیشن انسٹاگرام پر ایک پھول کی تصویر شیئر کی جس کے ساتھ تحریر کیا کہ امید اور مایوسی کے دوران کشمیر ابھی تک مصائب کا سامنا کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اسی سب کی وجہ سے ہی ہم سب آج سکون کے متلاشی ہیں مگر وہ ہمیں نہیں مل رہا۔

زائرہ وسیم نے تحریر کیا کہ کشمیر میں ہم پر وہ لوگ مسلط ہیں جو ہماری خواہشات کو سلب کرتے ہوئے باآسانی ہم پر پابندیاں لگا لیتے ہیں۔

بالی وڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی اداکارہ نے لکھا کہ ہمیں ایسی دنیا میں کیوں رہنا پڑ رہا ہے جہاں ہمارے جذبات، احساسات اور آوازوں کو اتنی آسانی سے خاموش کرا لیا جاتا ہے اور ہماری آزادی سلب کرلی جاتی ہے، کیا ہمیں کنٹرول کرنا اتنا ہی آسان ہے؟

زائرہ وسیم نے لکھا کہ ہماری مرضی کے مطابق کیوں ہمیں زندگی نہیں گزارنے دی جا رہی اور ہماری مرضی کے خلاف فیصلے ہم پر مسلط کیے جا رہے ہیں۔

اداکارہ نے وادی چنار پر ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے لکھا کہ کشمیریوں کو ذہنی طور پر ٹارچر کای جا رہا ہے، ان کو کرفیو اور بےچینی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے مگر شنوائی کرنے والا کوئی نہیں ہے۔

زائرہ وسیم نے لکھا کہ ہمارا میڈیا جو بھی دکھا رہا ہے کشمیر میں حالات اس کے بالکل برعکس ہیں۔ وہاں کوئی مظالم کے خلاف آواز اٹھاتا ہے تو اس کی آواز بہت برے انداز میں دبا دی جاتی ہے مگر میڈیا ہمیں یہ نہیں دکھا اور بتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کوئی حقیقت بھی پوشیدہ نہ رہے اور ہم سب مل کر مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں۔


متعلقہ خبریں