پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران خان

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک سے پولیو کے موذی مرض کا خاتمہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

روٹری انٹرنیشنل کے صدر ہولگر نیئک کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کے خاتمے سے متعلق پوری قوم اور ہر طبقے میں اتفاق رائے ہے۔ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے تمام وسائل برؤے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔

روٹری انٹرنیشنل کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی موجود تھے۔

ملاقات میں ملک میں پولیو کی موجودہ صورتحال اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ معاون خصوصی برائے ہیلتھ ڈاکٹر ظفر مرزا نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے وفد کو بتایا کہ پولیو کے خلاف جاری حالیہ مہم میں ایک لاکھ سے زائد سیکورٹی اہلکار اور ڈھائی لاکھ پولیو ورکرز نے خدمات سرانجام دیں اور پانچ سال سے کم چار کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی گئی۔

روٹری انٹرنیشنل کے وفد نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومتی کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقوں پر آمدورفت کو منظم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں جس کے نتیجے میں پولیو وائرس کی ترسیل کو روکنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی ۔

عمران خان نے پولیو کے خلاف حکومت پاکستان کی معاونت کرنے والی تمام بین الاقوامی تنظیموں اور خصوصا روٹری انٹرنیشنل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پولیو کے خلاف کام کرنے والے ہر تنظیم کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے کام میں ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں