عالمی سطح پر بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، صدر آزاد کشمیر


کراچی: آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال یکسر بدل چکی ہے جبکہ عالمی سطح پر بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ایجنڈا پاکستان میں میزبان عامر ضیا سے بات کرتے ہوئے صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ویسے تو سارا سال ہی رہتا ہے تاہم پانچ فروری کو پوری پاکستانی قوم مل کر کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر اب ایک بین الاقوامی تحریک بن چکی ہے یہ صرف چند ریاستوں تک محدود نہیں ہے۔ بھارت کو بھی اب اس بات کا احساس ہو گیا ہے کہ اب عالمی اداروں میں اس کی جوابدہی ہو کر رہی گے۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال یکسر بدل چکی ہے جبکہ عالمی سطح پر بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تاہم سلامتی کونسل کشمیریوں کی بھارتی فوج کے ہاتھوں نسل کشی کو بند کرائے۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل مودی کی فسطائیت کے بڑھتے ہوئے رجحان سے کشمیریوں کو بچائے۔ مقبوضہ کشمیر میں حالات بالکل بھی ٹھیک نہیں ہیں۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کی باتوں کا اعتبار نہ کیا جائے اس وقت پورے بھارت میں بھی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جسے بھارتی میڈیا بالکل بھی نہیں دکھا رہا۔ پاکستان کو کئی قسم کی سفارتکاری استعمال کرنی پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر قدم پر ان کا ساتھ دیں گے تاہم ہمیں افسوس ہے کہ ہم کشمیریوں کو چھ ماہ میں ظلم سے چھٹکارا نہ دلا سکے۔ ہم بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات انتہائی خراب ہیں اور صرف جنوری میں 21 افراد کو شہید کیا جا چکا ہے۔ کشمیری شدید اذیت سے گزر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں ایم کیوایم کشمیر کو پاکستان کا اٹوٹ انگ سمجھتی ہے، خالدمقبول صدیقی

انہوں نے کہا کہ بھارتی شہریوں کو کشمیر میں بسانے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ انہیں کشمیر میں تجارت اور تعلیم کے لیے بھی جگہ فراہم ہو رہی ہے۔ بھارت کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بدلنے کی کوشش کر رہا ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ 5 اگست کے بعد پاکستان کی شہ رگ کٹ گئی ہے اور ہندوستان نے ہر دفعہ پاکستان کو دھوکہ دیا۔ پاکستان کشمیر کی آزادی کے لیے ایک لمبی اور منظم منصوبہ بندی کرے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں دہشت گرد ذہنیت کی حکومت ہے اور ان پر جنگ کا نشہ چڑھا ہوا ہے۔ دنیا کو اس بارے میں آگاہ کرنا انتہائی ضروری ہے دونوں ممالک کے درمیان ایٹمی جنگ بھی چھڑ سکتی ہے جس کی لپیٹ میں پوری دنیا آجائے گی۔

کشمیری رہنما نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں زبردستی گھر خالی کرواکر فوجی چھاؤنیاں قائم کی جا رہی ہیں۔

چیئرمین کشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشن الطاف وانی کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اور بھارت اپنے مخصوص ایجنڈے پر آگے بڑھ رہا ہے۔ ہندوستان کشمیر کے حقائق کو چھپانے کی بھرپور کوششیں کر رہا ہے جس میں بری طرح ناکام ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کو دبانے کی کوشش کرتا ہے لیکن اس کے باوجود کشمیریوں کو دبایا نہیں جا سکا۔

یہ بھی پڑھیں حکمران کشمیر میں جہاد کا اعلان کریں، سینیٹر سراج الحق

الطاف وانی نے کہا کہ اب کوئی کشمیری رہنما ہندوستان کے ساتھ بات کرنے کو بھی تیار نہیں ہے۔ کشمیر میں بھارت کو شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔ بھارت کشمیر سے کسی خبر کو باہر نکلنے نہیں دے رہا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مظفر آباد میں آکر کہا تھا کہ میں کشمیریوں کا وکیل بنوں گا اور اقوام متحدہ میں بھی خوبصورت تقریر کی لیکن اس کے بعد سیکیورٹی کونسل کے دو اجلاس بھی ہو گئے تاہم کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔

الطاف وانی نے کہا کہ ہندوستان ہمیں اس طرف لے جانا چاہتا ہے جہاں ہم جانا نہیں چاہتے۔ نوجوانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے ہیں اور انہیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

عامر ضیا نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے پر بھارت کو پیغام مل گیا ہو گا کہ جب تک مقبوضہ کشمیر پر بھارتی جارحیت جاری ہے کشمیر کی عوام کی طرف سے مزاحمت جاری رہے گی اور پاکستان بھی اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔


متعلقہ خبریں