موسم خشک اور شدید سرد رہنے کا امکان

فائل فوٹو


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہےگا تاہم بالائی خیبر پختونخوا، کشمیراورگلگت بلتستان میں شدید سرد رہے گا۔

وفاقی دارالحکومت میں آج مطلع صاف رہا اور سردی کی شدت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو زیادہ سے زیادہ 16 تک جا سکتا ہے۔

جمعرات کے روز پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں صبح کے وقت ہلکی دھند پڑنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم کچھ علاقوں میں سردی کی شدت کم ہوئی ہے۔ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، لاہور، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، خانیوال، بہاولپور اور بہاولنگرمیں صبح کے اوقات میں دھند پڑ سکتی ہے۔

بلوچستان اور سندھ  کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ کوئٹہ، قلات اور زیارت میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ چترال، دیر، سوات اور مالم جبہ میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں بھی موسم خشک اور شدید سرد رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کالام منفی 12، استور، بگروٹ، گوپس منفی10، پاراچنار منفی08، قلات، ہنزہ، مالم جبہ منفی05، دیرمنفی 04، گلگت، مری اورراولاکوٹ میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں