عمران خان اتحادیوں پر اعتماد اور فسادیوں سے دور رہیں، چوہدری شجاعت


لاہور: پاکستان مسلم لیگ (قائداعظم) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اتحادیوں پر اعتماد اور فسادیوں سے دور رہیں۔

عمرے کی ادائیگی کیلئے روانہ ہونے سے قبل چوہدری شجاعت حسین کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا ہے کہ عمران خان کو ’ٹیں کا درس‘ دینے والے اتحادیوں سے محبت اور فسادیوں سے دوری کا سبق دیں۔

انہوں نے کہا کہ فسادیوں نے ہر دور میں نفرت اور انتشار کی سیاست کی، اپنی اپنی نہیں بلکہ پاکستان کی بولی بولیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیں، چوہدری شجاعت کا مشورہ

ق لیگ کے صدر کے مطابق عمران خان کے ساتھ اتحاد بغیر کسی لالچ کے اور ملک و قوم کے مفاد میں کیا، اس پر قائم ہیں اور رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تین مرتبہ مجھے خانہ کعبہ کے اندر جانے کی سعادت نصیب فرمائی، اپنی معافی کے علاوہ کبھی اپنے لیے دعا نہیں کی، اب بھی انشاء اللہ عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کروں گا۔

اس موقع پر صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا عمرے کے دوران عمران خان کیلئے بھی دعا کریں گے اس پر چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ ان کو فسادیوں کے نرغے سے دور رکھے۔

یہ بھی پڑھیں: ’عمران خان ماتھے پر کلنک کا ٹیکا نہ لگنے دیں‘

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کیلئے دعا کروں گا جنہوں نے اپنے نام کے ساتھ دعا کی درخواست کی۔

چوہدری شجاعت کے مطابق خانہ کعبہ کے اندر بھی ہمیشہ عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کی۔

پارٹی رہنما چوہدری ممتاز بھی عمرے کی ادائیگی کے لئے چوہدری شجاعت حسین  کے ہمراہ روانہ ہوئے۔


متعلقہ خبریں