پورا پاکستان کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے، وزیراعظم عمران خان

احساس کفالت پالیسی سے 20 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے، وزیر اعظم

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج میں وزیراعظم پاکستان کی حیثیت سے نہیں بلکہ کشمیر کا سفیر بن کر کھڑا ہوں۔

میر پور آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیروں کو آج پیغام دیتے ہیں کہ پورا پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا آج مطالبہ کر رہی ہے کہ بھارت کشمیر میں لاک ڈاؤن ختم کر دے۔

بھارتی وزیراعظم کے پاکستان فتح کرنے کے بیان پر ان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے مودی نے تاریخ نہیں پڑھی شائد ان کی بھی ڈگری جعلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور بھارتی آرمی چیف نے پاکستان پر حملے کی بات کی ہے میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ یہاں کی 20 کروڑ عوام تم سے آخری سانس تک لڑنے کے لئے تیار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج خاص وجہ سے میر پور آیا ہوں،وزیراعظم عمران خان 5 اگست کے بعد 80 لاکھ کشمیری مشکل ترین امتحان سے گزر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرپورمیں جلسے کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام کو پیغام دینا ہے،سارا پاکستان آج مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ میں ہرمشکل کے بعد آسانی دیتا ہوں اسے سب سےزیادہ صبر کی صفت پسند ہے، کشمیریوں کے لیے بڑا اچھا وقت آنے والا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کہتا ہے میں انسانوں کی عقل پر پردہ ڈال دیتا ہوں، مودی نے 5 اگست کو تکبر میں قدم اٹھایا اورسنگین غلطی کی،
اس کے اس اقدام سے پہلے دنیا کشمیر کو بھول چکی تھی، پاکستان کے سربراہ بھی کشمیر کا نام نہیں لیتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 5 اگست کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا، بھارت کہتا تھا کشمیر ہمارا اندرونی مسئلہ ہے، اسلامی ممالک بھی کشمیر کی بات نہیں کرتے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مودی پاکستان مخالف مہم چلا کر بھاری اکثریت سے الیکشن جیتا، وہ کہتا رہا میں بھارت کا چوکیدار ہوں، اس نے بالاکوٹ میں ہمارے درخت شہید کردیئے، مجھے سخت تکلیف ہوتی ہے جب ہمارے درختوں کو شہید کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا بڑی بڑی مونچھوں والا پائلٹ گرا،ہم نے واپس کردیا، پاکستان پوری کوشش کررہا ہے خطے میں امن ہو،مودی نے کہا پاکستان نے ڈر کر پائلٹ واپس کردیا ہے، جب بھی کوئی لیڈر نفرت کی بنیاد پر ووٹ لیتا ہے،تباہی ہوتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آج دنیا مسئلہ کشمیر اور آرایس ایس کا نظریہ سمجھ چکی ہے،جس دن کشمیر کا کرفیو اٹھےگا انسانوں کا سمندر اٹھےگا، کرفیو اٹھنے پر آزادی کی آواز آئےگی،مودی کے پاس کھیلنے کےلیے کوئی کارڈ نہیں بچے گا۔


متعلقہ خبریں