خیبرپختونخوا کابینہ سے برطرف وزراء کی واپسی کے امکان معدوم


پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ میں برطرف وزراء کی واپسی کی افواہیں دم توڑنے لگی ہیں، محکمہ صحت کا قلمدان اضافی طور پر وزیرخزانہ تیمور سلیم کے حوالے کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ محمود خان کی جانب سے محکمہ مال کا قلمدان وزیر قانون سلطان محمد کو دیے جانے کا امکان ہے جبکہ محکمہ سیاحت وکھیل اور نوجوانان امور کا قلمدان وزیراعلیٰ کے پاس ہی رہے گا۔

ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ سے برطرف کیے گئے وزراء کے حلقوں سے دیگر اراکین کو کابینہ میں شامل کرنے پر مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق تینوں برطرف وزراء نے صوبائی کابینہ میں دوبارہ شامل ہونے کے لیے سرتوڑ کوشش کی تھی، لیکن حکام بالا کی طرف سے انہیں مثبت جواب نہیں ملا۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ محمود خان نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے باقاعدہ ای روزنامچہ اور ای ایف آئی آر کا افتتاح کیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں جرائم کی روک تھام کیلئے کوشش کررہے ہیں، جبکہ سیف سٹی پراجیکٹ پر پنجاب پولیس کیساتھ رابطے میں ہیں۔ پی سی ون جلد مکمل کر کے اس پر عملدرآمد کرائیں گے۔

صوبائی کابینہ سے وزراء کی برطرفی سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج اس موضوع پر بات نہ کریں تو بہتر ہے۔ اس پر بات نہیں کرنا چاہتا۔


متعلقہ خبریں