مودی سرکار کا چہرہ ساری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا، وزیر داخلہ

ایم کیو ایم کے مقدمات ختم کرنے سے متعلق ابھی کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ،وزیرداخلہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ مودی سرکار کا شدت پسند چہرہ ساری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں موجودہ صورتحال اور مودی کے شدت پسند عزائم ہںدوتوا سوچ کی عکاسی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت ، ظلم اور بربریت کو 6 مہینے سے زیادہ ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کرنا آر ایس ایس کے مقاصد کو پورا کرنے کی جانب قدم ہے اور مودی سرکار کا شدت پسند چہرہ ساری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ کشمیر کا معاملہ بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں یے۔

اقوام متحدہ کی قراردادوں سے متعلق بات کرتے ہوئے اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ مودی سرکاری نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے لیکن ہم ایک پرامن قوم ہیں اور حق کے لیے آواز اٹھانے کا شعور رکھتے ہیں تاہم کشمیر کا مسئلہ حل ہوئے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار ہندو تحریک کے شدت پسند پہلو کی باقاعدہ عکاسی کرتی ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیری بھائیوں کے لیے ہر جگہ آواز اٹھائی ہے اور حق خود ارادیت کشمیری بھائیوں کا انسانی اور قانونی حق ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بابری مسجد کے فیصلے سے لے کر شہریت کے متنازع قانون تک مودی سرکار اپنے شدت پسند عزائم کو سامنے لا رہی ہے لیکن کشمیر سے ریاستی درجہ واپس لے کر ان کی شناخت ختم نہیں ہو سکتی۔ کشمیری اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کا حق رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹس پر پنجاب حکومت نے اعتراضات اٹھا دیے

انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا دو قومی نظریہ ٹھیک تھا اور تاریخ سے ثابت ہوتا ہے کہ آج کے ہںدوستان میں ہونے والے فیصلے کافی سالوں سے بڑھتی ہوئی شدت پسند سوچ کا نتیجہ ہے۔


متعلقہ خبریں