مسلم لیگ ن کا مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے باہر کیمپ لگانے کا اعلان


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف نے مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے باہر کیمپ لگانے کا اعلان کر دیا۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستاں ٹونائٹ میں میزبان ثمر عباس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مریم نواز سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی ہیں اور آپریشن کے موقع پر ان کا اپنے والد کے پاس ہونا ضروری ہے تاہم نواز شریف کی زندگی اہم ہے انہیں بغیر کسی تاخیر کے سرجری کروا لینی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی وطن واپسی میں تاخیر کی وجہ بھی نواز شریف کے آپریشن میں تاخیر ہے۔ مریم نواز لندن جائیں یا نہیں شہباز شریف جلد وطن واپس آجائیں گے۔

شاہد خاقان عباسی کو قائد حزب اختلاف بنائے جانے کی تجویز کے سوال پر خواجہ آصف نے کہا نواز شریف اگر یہ فیصلہ کریں گے تو انہیں قبول ہو گا۔

مہنگائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ذخیرہ اندوزوں کے نام سامنے لائیں جن کی وجہ سے مہنگائی ہوئی۔ حزب اختلاف پارلیمان میں مہنگائی کے خلاف کیمپ لگائے گی اور پارلیمان کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کے اپنے بیانات کے مطابق اب یہ حکومت بدعنوان ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں ‎پیپلز پارٹی نے رہبر کمیٹی کو غیر فعال قرار دے دیا

لندن میں ہونے والی اہم ملاقاتوں کی خبر پر خواجہ آصف نے لاعلمی کا اظہار کر دیا۔


متعلقہ خبریں