مہنگائی حکومت کیلئے خطرہ ہے، شیخ رشید

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید نے ملک میں مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے اسے وزیراعظم عمران خان کی حکومت کیلئے خطرہ قرار دے دیا ہے۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی پر عمران خان سے نالاں ہیں اور حکومت یہ ناراضگی جلد دور کرے گی کیوں کہ ہم نے عوام کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہمارا وزیراعظم سے کوئی مطالبہ نہیں ہے، ہمارے ساتھ عمران خان اور عثمان بزدار ٹھیک چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ  ایم کیو ایم اور ق لیگ سمیت دیگر اتحادی بھی موجودہ حکومت کے ساتھ چلیں گے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے متعلق وزیر ریلوے نے کہا کہ وہ آسمان سے اتری ہوئی بیٹی نہیں، نوازشریف کے بیٹے اور بیٹی لندن میں موجود ہیں، اس وقت مریم نواز کو باہر جانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

اپنے محکمے سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ امید ہے سپریم کورٹ کے فیصلے ریلوے کے حق میں ہوں گے۔ ریلوے میں کرپشن کم ہوئی ہے اور ہم اس کا خاتمہ کرنا ہے۔


متعلقہ خبریں