راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان کو بنگلہ دیش پر 109 رنز کی برتری حاصل

پاک بنگلہ دیش ٹیسٹ کا دوسرا روز، قومی ٹیم کی بیٹنگ جاری

فائل فوٹو


راولپنڈی: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم نے بنگال ٹائیگرز کیخلاف 109 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔

پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز جب پاکستان نے بلے بازی شروع کی تو عابد علی اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کو ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب عابد علی بغیرکوئی رنزبنائے آﺅٹ ہو گئے۔

شان مسعود اور اظہر علی نے پراعتماد انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا۔ ترانوے کے مجموعی اسکور پر کپتان اظہر علی چونتیس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے کیریر کی تیسری سینچری بنائی اور وہ سو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستانی ٹیم 3 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنا چکی ہے اور بابر اعظم اپنے ٹیسٹ کیریئر کے بہترین 143 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ اسد شفیق نصف سینجری بنانے کے بعد 60 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

مہمان ٹیم پہلے دن 233 رنز بنا آؤٹ ہو گئی تھی اور محمد متھن 63 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

حریف ٹیم کے سلامی بلے باز تمیم اقبال اور سیف حسن شاہین شاہ اور محمد عباس کی نپی تلی گیند بازی کے آگے ڈھیر ہو گئے۔

شاہین آفریدی کی شاندار گیند بازی، بنگلہ دیشی ٹیم 233 رنز پر آؤٹ

دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان مومن الحق اور نجم الحسین شانتو کے مابین 59 رنز کا شراکت داری قائم ہوئی تاہم شاہین شاہ کی باہر جاتی ہوئی گیند پر مومن الحق 30 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

نجم الحسین شانتو 44 رنز بناکر محمد عباس کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بنگلہ دیش کے دیگر بلے باز بھی پاکستان کے خلاف متاثر کن کھیل پیش نہ کرسکے اور پوری ٹیم 233 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔

پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد عباس اور حارث سہیل نے دو دو اور نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

یاسر شاہ 22 اوورز میں تراسی رنز کے عوض کوئی وکٹ نہ لے پائے اور سب سے مہنگے باولر رہے۔


متعلقہ خبریں