تجارتی خسارے میں 28فیصد کمی

پاکستانی برآمدات تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

فائل فوٹو


اسلام آباد: ادارہ برائے شماریات پاکستان کے مطابق مالی سال2019-20ء کے پہلے سات ماہ میں تجارتی خسارہ(درآمدات اور برآمدات کا فرق)گزشتہ برس کی نسبت 28 فیصد کم ہوا ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں 13 ارب 50کروڑ ڈالر کی برآمدات ہوئیں جب کہ گزشتہ مالی سال اس عرصہ میں 13 ارب 22کروڑ ڈالر کی برآمدات ہوئی تھیں۔

رواں برس برآمدات 2.14 فیصداضافے سے 28کروڑ 20لاکھ ڈالرز اضافی رہیں۔ ملکی درآمدات گزشتہ سات ماہ کے دوران 27 ارب 25 کروڑ ڈالر رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی برآمدات میں 9.6 فیصد اضافہ، درآمدات میں کمی

گزشتہ مالی سا ل اس عرصہ میں 32 ارب 42 کروڑ ڈالر کی درآمدات ہوئی تھیں۔ درآمدات 15.95 فیصد کمی سے 5 ارب 17کروڑ ڈالر کم رہیں۔

مالی سال 2019-20 کے  پہلے سات ماہ میں 13 ارب 75کروڑ ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا جب کہ گزشتہ سال اس عرصہ میں 19 ارب 20کروڑ ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا تھا۔ اس سال تجارتی خسارہ 28.40 فیصد کمی سے 5 ارب 45کروڑ ڈالر کم رہا۔

رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن، کمپیوٹر اور انفارمیشن سروسزکی برآمدات 18.5 فیصد اضافے سے 51 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ اس میں سے بڑا حصہ سافٹ ویئر کنسلٹنسی سروسز کے تحت حاصل ہوا جس کی برآمدات 12 فیصد اضافے سے 15 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ہو گئی ہیں۔

نومبر 2019 کے دوران پاکستان کی برآمدات 9.6 فیصد اضافے کے ساتھ 2.02 ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھیں جبکہ اسی دورانیے میں درآمدات میں 17.53 فیصد کمی ہوئی اور یہ 3.8 ارب ڈالر رہیں۔

جولائی سے نومبر 2019 کے دوران ملکی برآمدات 9.55 ارب ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 9.113 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔

اس طرح اس دورانیے میں 43.7 کروڑ ڈالر یعنی 4.8 فیصد برآمدات میں اضافہ ہوا جبکہ درآمدات میں 19.27 فیصد یعنی 4.546 ارب ڈالر کی کمی ہوئی۔۔

 


متعلقہ خبریں