تیری ایک ادا کے نام کیا، ’عہد وفا‘ کا آفیشل گانا ریلیز ہوتے ہی چھا گیا

تیری ایک ادا کے نام کیا، ’عہد وفا‘ کا آفیشل گانا ریلیز ہوتے ہی چھا گیا

اسلام آباد: ہم ٹی وی کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’عہد وفا‘ کا آفیشل گانا ریلیز ہوتے ہی چھا گیا اور پہلے بیس گھنٹوں میں ہی اسے تین لاکھ 60 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اشتراک سے مومنہ درید (ایم ڈی) پروڈکشنز کی پیشکش ڈرامہ سیریل ’عہد وفا‘ وطن کی مٹی سے کیے گئے عہد وفا کی داستان ہے۔

ڈرامہ سیریل میں دوستی کے لازوال جذبے اور وطن سے محبت کو منفرد انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عہد وفا کے ’گلزار‘ کون ہیں، اداکاری میں کیسے آئے؟

’عہد وفا‘ چار نوجوانوں کی دوستی اور زندگی میں آئے اتار چڑھاؤ کی کہانی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ دھرتی ماں کی بقا اور سلامتی کے لیے کس طرح یہ لوگ اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔

’عہد وفا‘ دراصل پرخلوص جذبوں، وطن سے عشق، عزم و حوصلے، ایثار و قربانی، محنت و لگن اور محبت و الفت کی کہانی ہے جس میں مزاح بھی ہے اور وطن پر سب کچھ نچھاور کرنے کا عزم بھی۔

اس ڈرامہ سیریل میں مرکزی کردار احد رضا میر نے بطور فوجی افسر کے ادا کیا ہے جب کہ دیگر اداکاروں میں عثمان خالد بٹ، احمد علی اکبر، وہاج علی، علیزے شاہ، حاجرہ یامین، زارا نور عباس اور عدنان صمد خان شامل ہیں۔

اس ڈرامے کی ہدایات کے فرائض سیفِ حسن نے سرانجام دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہم ٹی وی کا ’عہدوفا‘

’عہد وفا‘ کا آفیشل گانا ’تیری ایک ادا کے نام کیا، سب عہد وفا کے نام کیا‘ ریلیز ہوتے ہی چھا گیا ہے، اس گانے کے دل گداز بول علی عمران نے تحریر کیے ہیں جب کہ معروف گلوکار راحت فتح علی خان کی کمپوزیشن میں بنا یہ گانا گایا بھی انہوں نے ہی ہے۔

وطن سے لازوال محبت اور دوستی کے احساس کو خوبصورت انداز میں پرونے والے اس گیت کو شائقین کی جانب سے بہت پذیرائی مل رہی ہے اور عوام سوشل میڈیا پر اس گانے کے لیے بڑھ چڑھ کر پسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں