بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے شہری شہید، خاتون زخمی

بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک پاکستانی شہری شہید، ایک زخمی

فائل فوٹو


اسلام آباد: بھارتی فوج کی آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری شہید اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے آزاد کشمیر میں چڑی کوٹ سیکٹر میں شہری آبادی کو توپ خانے اور مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا۔

مزید پڑھیں: ایل او سی خلاف ورزی، بھارتی سفارت کار دفتر خارجہ طلب

آئی ایس پی آر کے مطابق  بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک شہری میر محمد شہید اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ زخمی خاتون کے علاج کے لیے قریبی اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کا بھر پور جواب دیتے ہوئے شہری آبادی پر گولہ بھاری کرنے والی بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

4 فروری کو بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کوگولہ باری اور بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں دو خواتین اور بچے سمیت چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: قابض بھارتی فوج کے مظالم کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو دبا نہیں سکتے، آرمی چیف

آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں کہا تھا کہ بھارتی افواج نے وادی لیپا میں شہری آبادی پر بھاری ہتھیاروں سے گولہ باری اور فائرنگ کی۔ بھارتی ظلم و بربریت سے چار افراد زخمی ہوئے تھے جن میں دو خواتین اور ایک بچہ بھی شامل تھا۔

خیال رہے کہ 1 فروری کو بھارتی فوج کی جانب سے ستوال سیکٹر میں ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا تھا

آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول  پر ستوال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی تھی جس کی زد میں آ کر 45 سالہ شہری زخمی ہو گیا تھا۔

بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہری کا تعلق مدار پور گاؤں سے ہے جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔


متعلقہ خبریں