آٹے اور چینی کا بحران جان بوجھ کر پیدا کیا گیا، فردوس عاشق اعوان

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملک میں آٹے اور چینی کا بحران جان بوجھ کر پیدا کیا گیا کیوں کہ مافیا حکومت کو ناکام کرنا چاہتا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملکی نظام کو جان بوجھ کر مفلوج رکھا گیا اور 72 سال سے مخصوص اسٹیٹس کو کا نظام چلتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے والوں کو حساب دینا ہوگا، وزیراعظم نے کہا تھا چوروں کو نہیں چھوڑوں گا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم بڑے فیصلے کرکے مہنگائی کی کمر کرنے جارہے ہیں، اسد عمر

ان کا کہنا تھا کہ یہ سب عدالتوں سے ریلیف لے کر باہر آرہے ہیں تاہم وزیراعظم عمران خان اپنی بات پر قائم ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مخالفین اپنی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں جبکہ عمران خان کی جدوجہد آخری مراحل میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں طاقتور لوگوں نے قانون کو اپنے مفاد سے جوڑا، ادارے گورننس کے نظام کو مضبوط کرتے ہیں، حکومت گلے سڑے نظام میں اصلاحات لارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مفاہمت اور این آر او کی سیاست عوام کی نظروں سے اوجھل نہیں، وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان ان کی امنگوں کی ترجمانی کرے۔

یہ بھی پڑھیں: منگل کو اجناس کی قیمتوں میں کمی کے اقدامات کا اعلان کریں گے، وزیراعظم

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام عمران خان پر یقین رکھتے ہیں اور جانتے ہیں وہی نظام بدلنے کا جنون رکھتے ہیں اور وہ ہی عوام کی امید کا واحد روشن چراغ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مفاد پرست ٹولہ عمران خان کے ایجنڈے کو ناکام بنانے میں مصروف ہے۔

ان کے مطابق آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ چینی کی طلب و رسد سے متعلق بھی سازش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ آٹا اور چینی بحران پیدا کرنے والے گٹھ جوڑ کو جانتے ہیں، کالادھن رکھنے والوں نے چینی اور گندم کے ذخائر جمع کیے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آٹے کے بحران پر ذخیرہ اندوزوں کےخلاف کارروائی کی ہدایت دی، ہم نے موثر حکمت عملی سے مفادپرستوں کے دانت کھٹے کردیئے۔

 


متعلقہ خبریں