پیپلز پارٹی کسی غیر سیاسی تبدیلی کے خلاف ہے، قمر زمان کائرہ

فوٹو: فائل


شکر گڑھ: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کسی غیر سیاسی تبدیلی کے خلاف ہے لیکن اس حکومت نے چند مہینوں میں ہی جمہوری طریقے سے چلے جانا ہے۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے شکر گڑھ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو جھوٹ کا ٹیکہ لگا رکھا ہے۔ پارلیمنٹ اور میڈیا کو غیر معتبرکیا گیا انہیں ہر طرف سے تعاون ملا لیکن یہ مکمل طور پر ناکام رہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان میں حکومت چلانے کی اہلیت ہی نہیں ہے تاہم پیپلز پارٹی کسی غیر سیاسی تبدیلی کے خلاف ہے لیکن اس حکومت نے چند مہینوں میں ہی چلے جانا ہے اور جمہوری راستے سے ہی حکومت جائے گی۔

مہنگائی سے متعلق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت نے 2 سال میں کوئی اقدام مہنگائی کے خاتمے کے لیے نہیں اٹھایا۔ سیاسی رہنماؤں پر الزامات لگانے کے بعد کہا گیا کہ ثبوت عدالتوں میں دیں گے لیکن وہاں بھی ثبوت دینے میں ناکام رہے۔

یہ بھی پڑھیں منگل کو اجناس کی قیمتوں میں کمی کے اقدامات کا اعلان کریں گے، وزیراعظم

کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 190 دن سے کشمیری محصور ہیں لیکن حکومت نے تقریروں کے علاوہ کچھ نہیں کیا اور سعودی عرب سمیت مسئلہ کشمیر پر دنیا کا کوئی ملک ہمارے ساتھ نہیں ہے تاہم ہم کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ عمران خان حکومت میں بیٹھ کر حزب اختلاف کی تقریریں کرتے ہیں۔ ان کے اتحادی ٹوٹ رہے ہیں حکومت فرسٹریشن کا شکار ہے اور جب حکومت ڈوبنے لگتی ہے تو سہارے بھی کام نہیں کرتے۔

یہ بھی پڑھیں سندھ میں محتسب اعلیٰ کی تعیناتی کا اختیار وزیر اعلیٰ کو دے دیا گیا

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 5 آئی جیز تبدیل ہوئے لیکن سندھ کے لیے دوہرا معیار ہے۔ اب یہ جعلی تبدیلی اپنی موت آپ مرے گی اور اصل تبدیلی جمہوری طریقے اور اقدار سے آئے گی۔ یہاں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تبدیلی اہم نہیں بلکہ عمران خان کی تبدیلی اہم ہے۔


متعلقہ خبریں