وزیر اعظم گھبرائیں نہ آٹا، چینی کا بحران پیدا کرنے والوں کے نام بتا دیں، سراج الحق

فوٹو: فائل


کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان گھبرائیں نہ آٹا اور چینی کا بحران پیدا کرنے والوں کے نام بتا دیں قوم اس پر بھی ان کا شکریہ ادا کرے گی۔

سینیٹر سراج الحق نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے کچھ پیاروں کی خاطر عوام کو مہنگائی کے سونامی کے حوالے کر دیا اور حکومت نے ملک کے حال کو بدحال اور مستقبل کو تاریک کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی پہلے مذاق اور اب خوف کی علامت بن چکی ہے۔ سرخی پاﺅڈر اترنے کے بعد اس کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آیا ہے۔ جن لوگوں نے قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا تھا اب وہ خود بھی پریشان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں وزیر اعظم کو کسی وزیر کے ساتھ مل کر فیصلہ نہیں کرنا چاہیے، وفاقی وزیر

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ وزیر اعظم سال 2020 کو خوشخبریوں کا سال قرار دے رہے ہیں لیکن ابھی تک ان کے تمام دعوے غلط ثابت ہو رہے ہیں۔ چور حکومت نے قومی مفادات کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھا دیا ہے اب وزیر اعظم گھبرائیں نہ آٹا اور چینی کا بحران پیدا کرنے والوں کے نام بتا دیں، قوم اس پر بھی ان کا شکریہ ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کے نعرے پر آنے والی حکومت محاسبہ کے ذکر پر گھبرا جاتی ہے۔ وزیر اعظم اب بھی چوروں کو نہ چھوڑنے کی بات کرتے ہیں لیکن ان کی گفتگو میں پہلے والا دم خم نہیں رہا۔ 15 ماہ کے دوران قرضوں میں 39 فیصد اضافہ ہوا حالانکہ وزیر اعظم عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پاس جانے سے زیادہ بہتر موت کو گلے لگانا سمجھتے تھے جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے صرف قرضہ ہی نہیں لیا بلکہ پورا معاشی نظام آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں سندھ میں محتسب اعلیٰ کی تعیناتی کا اختیار وزیر اعلیٰ کو دے دیا گیا

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی کمی کے باوجود حکومت نے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا۔ اب وہ وقت زیادہ دور نہیں جب عوام حکمرانوں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈال کر ان سے اپنی محرومیوں کا حساب مانگ رہے ہوں گے۔


متعلقہ خبریں