وزیراعظم مسائل کے حل کے لیے سیاسی نمائندوں کی شمولیت چاہتے ہیں، گورنر سندھ

وزیراعظم مسائل کے حل کے لیے سیاسی نمائندوں کی شمولیت چاہتے ہیں، گورنر سندھ

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبے کے تما اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی نمائندوں کی شمولیت چاہتے ہیں۔

میئر کراچی کو پانچ ارب،میئر حیدرآباد کو ایک ارب روپے ملیں گے: گورنر سندھ

ہم نیوز کے مطابق انہوں ںے یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے ان سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات سمیت باہمی دلچسپی کے تمام امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وفاقی حکومت وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق مسائل کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر مؤقف اپنایا کہ صوبے کے مسائل کے حل کے لیے باہمی گفت و شنید نہایت ضروری ہے۔

’تبادلہ ابھی نہیں ہوا، اتنی آسانی سے نہیں جاؤں گا‘

گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ کے درمیان ہونے والی ملاقات اس لحاظ سے سیاسی مبصرین کے مطابق خوش آئند امر ہے کہ گزشتہ دنوں مرکز کی حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام کی تبدیلی کے حوالے سے کافی تلخی پیدا ہوگئی تھی۔

سندھ کابینہ نے جب موجودہ آئی جی سندھ کی خدمات وفاق کے حوالے کرنے کی منظوری دی تو پی ٹی آئی سندھ کی جانب سے آئی جی کی حمایت کرنے کے ساتھ عدالت تک میں جانے کا عندیہ دیا گیا تھا۔

صوبہ سندھ کی جانب سے وفاق کو آئی جی سندھ کے منصب کے لیے غلام قادر تھیبو، مشتاق مہر، کامران فضل، انعام غنی اور ڈاکٹر ثنااللہ عباسی کے نام بھیجے گئے تھے لیکن وفاقی حکومت نے آئی جی کے تبادلے کو وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط کردیا تھا۔

وفاقی کابینہ کے حوالے سے ذرائع ابلاغ میں یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ اس نے آئی جی کے تبادلے کے لیے گورنر اور وزیراعلیٰ کی مشاوت لازمی قرار دے دی ہے جس پر صوبائی حکومت نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ گورنر سندھ سے اس معاملے پر کوئی مشاورت نہیں کرے گی۔ اس ضمن میں اس کا کہنا تھا کہ یہ اقدام خلاف آئین و قانون ہے۔

آئی جی سندھ کے تبادلے کی الجھن: وزیراعلیٰ سلجھن ڈھونڈنے زرداری کے پاس پہنچ گئے

ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اب تک آئی جی سندھ کی تبدیلی کے لیے وزیراعظم عمران خان کو تین خطوط بھی ارسال کرچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں