جے وی اوپل کیس: نیب نے بلاول کو 13 فروری کو طلب کرلیا

فوٹو: فائل


راولپنڈی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کو جے وی اوپل کیس میں طلبی کا سمن جاری کرتے ہوئے 13 فروری کو طلب کر لیا ہے۔

سمن میں زرداری گروپ کمپنی کا 2008 سے 2019 تک کا تمام ریکارڈ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سمن کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز کی بھی فہرست بھی بلاول بھٹو زرداری سے طلب کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری نیب کے سامنے پیش ہونے کیلئے تیار ہو گئے

ان پر اپنی ذاتی کمپنی کے لئے ایک ارب 22 کروڑ روپے جعلی اکاؤنٹ سے نکلوانے کا الزام ہے۔

بلاول بھٹو نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ چھوٹے تھے تاہم آڈٹ رپورٹ میں دستخط موجود ہے۔

نیب نے آڈٹ رپورٹ اور بلاول کے دستخط شدہ دستاویزات حاصل کر لی ہیں۔

چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کی منظوری بھی دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں کابینہ نے 8 لوگوں کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دے دی

بلاول بھٹو کو یہ چوتھی مرتبہ طلب کیا جارہا ہے تاہم وہ اب تک صرف ایک بار ہی پیش ہوئے ہیں۔

گزشتہ سال دسمبر میں ترجمان نیب کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بذریعہ خط آگاہ کیا ہے کہ وہ 15 جنوری کے بعد سے نیب کے سامنے پیش ہونے کے لیے تیار ہیں۔

ترجمان نیب نے کہا کہ پاکستان کی ایک پارٹی کے چیئرمین نے نیب کے لیے نازیبا الفاظ کیے تاہم نازیبا الفاظ اور دھمکی نیب کو اس کے قانونی عمل سے نہیں روک سکتی۔ نیب کرپشن کے خاتمے کے لیے کام کرنے والا ادارہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ تحقیقات میں متعلقہ کسی بھی شخص کا بیان ریکارڈ کیا جاتا ہے تاکہ قانونی حق سے محروم نہ کیا جائے۔


متعلقہ خبریں