عمران خان کی قیادت، نیت اور کوشش پر کوئی شک نہیں، پرویز الٰہی


لاہور: پاکستان مسلم لیگ (قائداعظم) کے سینئر رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت، نیت اور کوشش پر کوئی شک نہیں تاہم طریقہ کار بہتر بنانے کے لیے سب مل کر کوشش کریں گے۔

حکومتی اور اتحادی مذاکراتی ٹیموں کی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور معاملات طے پاگئے ہیں، حکومتی ٹیم کی آمد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کا کراچی اور اسلام آباد میں مارچ کا اعلان

انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران حکومت کو درپیش چیلنجز پر بھی بات ہوئی ہے، جو بھی صورتحال ہو گی مل کر حل کریں گے۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ تبدیلیی کے ثمرات نیچے تک جانے چاہئیں، بہتری لانے کیلئے سب ملکر محنت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب تمام معاملات پر کھل کر بات کریں گے اور حل نکالیں گے۔

’امانت میں خیانت نہیں ہوتی‘

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ملاقات میں بیوروکریٹس سے متعلق  کوئی بات نہیں ہوئی کیوں کہ وہ آج ہیں، کل نہیں ہوں گے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ’امانت‘ کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ میرے پاس ہے تاہم امانت میں خیانت نہیں ہوتی۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے نہیں بلکہ چوہدری شجاعت حسین نے دعا کرنی ہے، وہ عمرے پر گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ن اور ق لیگ کے رابطے پنجاب حکومت گراسکتے ہیں، رانا ثنااللہ کا انکشاف

اس موقع پر وزیر دفاع اور حکومتی کمیٹی کے رکن پرویز خٹک نے کہا کہ معمولی معاملات تھے لیکن لوگوں نے سمجھا کہ ہم علیحدہ ہو گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران ق لیگ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مل جل کر فیصلے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سمیت کوئی اتحادی ہمیں چھوڑ کر نہیں جا رہا۔


متعلقہ خبریں