سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی تفصیلات جاری، پی ٹی آئی امیر ترین پارٹی

سیاسی جماعتیں عدلیہ اور افواج پاکستان کیخلاف بات نہیں کریں گی، الیکشن کمیشن

اسلام آباد: حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 22 کروڑ 53 لاکھ مالیت کے اثاثوں کے ساتھ امیر ترین سیاسی جماعت بن گئی ہے۔

پاکستان میں انتخابی عمل کے نگران ادارے الیکشن کمیشن نے 125 سے زائد رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں میں سے 82 کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔

تحریک انصاف نے دستاویزات میں اپنے اثاثوں کی مالیت 22 کروڑ 53 لاکھ روپے ظاہر کی۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن آف پاکستان انتظامی بحران کا شکار

پارٹی چیئرمین عمران خان نے بیان حلفی بھی دیا کہ ان کی جماعت کو ممنوعہ ذرائع سے کوئی فنڈنگ نہیں ہوئی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ایک سال میں پی ٹی آئی کے اثاثوں میں نو کروڑ روپے کی کمی ہوئی۔

دوسرے نمبر پر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین ہے جس کے اثاثوں کی مالیت 16 کروڑ ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 70 لاکھ 16 ہزار روپے کی مالک ہے۔

ان کے بعد نمبر مسلم لیگ ن کا ہے جس کے اثاثوں کی مالیت آٹھ کروڑ 17 لاکھ روپے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 11 کروڑ سے تجاوز کر گئی

ایک سال میں ن لیگ کو ایک کروڑ 55 لاکھ روپے کی آمدن ہوئی جبکہ 20 کروڑ روپے خرچ کر ڈالے۔

اسی طرح شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ صرف اڑھائی لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک ہے۔

بلوچستان عوامی  پارٹی دو لاکھ، 31 ہزار روپے کے اثاثوں کے ساتھ سب سے غریب ترین جماعت ہے۔

دستاویزات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے پاس چار کروڑ 19 لاکھ جبکہ جماعت اسلامی کے پاس 90 لاکھ 18 ہزار روپے اور ق لیگ کے پاس چار کروڑ 99 لاکھ روپے مالیت کے اثاثے ہیں۔

گزشتہ سال جولائی میں پاکستان میں انتخابی عمل کے نگران ادارے الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور اراکین اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کی تھیں۔


متعلقہ خبریں