فواد چوہدری نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کردیا


اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مطالبہ کیا ہے حکومت کے خلاف ’’سازش‘‘  کرنے پر جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔

 

اپنے ایک ٹیوٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ’’آج مولانا فضل الرحمان نے کمال دیدہ دلیری سے تسلیم کیا ہے کہ ان کا دھرناحکومت کیخلاف ایک سازش تھی، جس میں کئی نام نہاد جمہوریت نواز سیاسی جماعتوں نے حصہ ڈالا۔ مولانا کا یہ بیان کھلم کھلا بغاوت کے زمرے میں آتا ہے ان پر فوری طور پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ ہونا چاہیے‘‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں ن لیگی سینیٹر ساجد میر سے مشاورت  کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ اسلام آباد دھرنے کے دوران تین فوری استعفے اور تین ماہ میں انتخابات کرانے کا وعدہ کر کے دھرنا ختم کروایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمان حزب اختلاف کی تین بڑی جماعتوں سے نالاں

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا تھا کہ حزب اختلاف اگر منقسم ہو تو حکومت فائدہ اٹھاتی ہے۔ بڑی جماعتوں کی پالیسیوں سے اپوزیشن تقسیم ہوئی تاہم ہمارا جو مؤقف پہلے تھا آج بھی اسی پر قائم ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ کہ عوام کی مایوسی کو امید کی کرن سے بدلنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ناکام حکومت کی وجہ سے ملک بحران کا شکار ہے جبکہ بجلی، گیس اور پٹرول سمیت ہر چیز کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: فواد چوہدری نے مریم نواز کو باہر بھجوانے کی مخالفت کردی

جے یو آئی (ف) سربراہ کا کہنا تھا کہ اس حکومت کی ناکام پالیسیوں کے نتیجے میں ملک معاشی بحران کا شکار ہے اور مہنگائی نے عام آدمی سے زندگی کا حق چھین لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسز کی بھرمار ہے، بجلی گیس پیٹرول، ہر سطح پر کئی گنا قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ غریب آدمی بازار سے راخن سبزیاں خریدنے سے لاچار ہیں جبکہ لوگ بچوں سمیت خودکشیوں پر مجبور ہو گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں