پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 846 پوائنٹس کی کمی

اسٹاک مارکیٹ: شدید مندی، سرمایہ کاروں کے 332 ارب روپے ڈوب گئے

فوٹو: فائل


کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ 846 پوائنٹس کمی کے ساتھ 39 ہزار 296 پوائنٹس پر آ گئی۔

اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو شدید مندی رہی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کا آغاز 40 ہزار 143 پوائنٹس پر ہوا اور ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران انڈیکس میں 322 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 39 ہزار 821 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتے دیکھا گیا۔

کاروبار کے دوران سب سے زیادہ کمی 946 پوائنٹس کی دیکھی گئی اور انڈیکس 39 ہزار 196 تک گر گیا تھا تاہم کاروبار کا اختتام 846 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 39 ہزار 296 پوائنٹس پر ہوا۔

کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کے دوران 12 کروڑ، 98 لاکھ، 40 ہزار 550 شیئرز کی لین دین ہوئی جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 5 ارب، 97 کروڑ، 31 لاکھ، 6 ہزار 787 بنتی ہے۔

گزشتہ ہفتے بھی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان رہا اور گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز انڈیکس میں 580 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اس سے ایک روز قبل جمعرات کو بھی انڈیکس میں منفی رجحان رہا اور انڈیکس کا اختتام 159 پوائنٹس کی کمی پر ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں تجارتی خسارے میں 28فیصد کمی

اس سے قبل منگل کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل منفی رجحان کے بعد کاروبار کا اختتام مثبت زون میں ہوا اور انڈیکس 474 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 40 ہزار 884 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ تین ہفتے سے مسلسل مندی کی وجہ سے سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اختیار کیا ہوا ہے اور سرمایہ لگانے میں انتہائی احتیاط سے کام لے رہے ہیں۔ اس سے قبل اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل مثبت رجحان کا سلسلہ چل پڑا تھا جس سے سرمایہ داروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی جو عارضی ثابت ہوا۔

یہ بھی پڑھیں آئی ایم ایف پاکستان کے ٹیکس وصولیوں سے ناخوش

ایک بار پھر اسٹاک مارکیٹ میں منفی رجحان کی وجہ سے سرمایہ کار تذبذب کا شکار ہیں اور سرمایہ کاری میں انتہائی محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں